امت نیوز ڈیسک //
سرینگر (جموں و کشمیر):وزیر داخلہ امیت شاہ اس وقت جموں و کشمیر کے دو روزہ دورے پر ہیں، جہاں انہوں جموں میں، جمعہ کو، اپنی تقریر کے دوران حزب اختلاف جماعتوں کو ایک بار پھر تنقید کا نشانہ بنایا وہیں انہوں نے دعویٰ کیا کہ ’’وزیر اعظم نریندر مودی ایک بار پھر تین سو سیٹوں کے ساتھ وزیر اعظم بنیں گے۔‘‘ وہیں آج شام وہ جموں و کشمیر کی گرمائی دارالحکومت سرینگر آ رہے ہیں۔ یہاں وہ راج بھون میں کئی منصوبوں اور پروجیکٹس کا افتتاح کریں گے اور اس کے بعد ایس کے آئی سی سی میں ایک کلچرل پروگرام میں بھی شرکت کریں گے۔ بعد ازاں وہ سرینگر کی پرتاپ پارک میں بی جے پی فکر کے بانی (Ideologue) اور ’’ایک وِدھان، ایک پردھان اور ایک نشان‘‘ کا نعرہ لگانے والے شیاما پرساد مکھرجی کی برسی کے موقع پر انہیں خراج عقیدت پیش کرنے کی غرض سے ’’بلیدان ستمب‘‘ کا سنگ بنیاد رکھیں گے۔ واضح رہے کہ مکھرجی کا انتقال سرینگر کے سنٹرل جیل میں سنہ 1953 میں جون کی 23 تاریخ کو ہوا تھا۔
وزیر داخلہ کے پرتاپ پارک دورے کے پیش نظر سیکورٹی کے سخت ترین انتظامات کیے گئے ہیں۔ جمعہ کی دوپہر ضلع و صوبائی انتظامیہ کے اعلیٰ افسران نے بھی پرتاپ پارک کا دورہ کر کے تمام تیاریوں کا جائزہ لیا۔ پرتاپ پارک دورے کے بعد صحافیوں سے بات کرتے ہوئے صوبائی کمشنر، کشمیر، وجے کمار بدوریا کا کہنا تھا کہ ’’دورے کی نسبت سے تمام تیاریاں کی گئی ہیں۔‘‘ صوبائی کمشنر نے مزید کہا کہ ’’15 جولائی کے بعد آپ کو نیا لال چوک دیکھنے کو ملے گا۔‘‘
پرتاپ پارک میں بلیدان ستمب کا سنگ بنیاد رکھنے کے بعد وزیر داخلہ کئی وفود سے بھی ملاقات کریں گے۔ بعد ازاں وہ امرناتھ یاترا کی تیاریوں، حفاظتی انتظامات کے حوالے سے بھی ایک اجلاس کی صدارت کریں گے۔ ذرائع کے مطابق امیت شاہ متوقع طور پر بالتل بھی جائیں گے جہاں وہ وہ امرناتھ غار پر پوجا پاٹ میں حصہ لیکر شیو لنگم کے درشن بھی کریں گے۔