امت نیوز ڈیسک//
سرینگر (جموں کشمیر) : ’’امشی پورہ فرضی تصادم میں عام شہریوں کو عسکریت پسند جتلا کر انہیں قتل کرنے والے مجرم کو بری کیے جانے کے بعد فوج کو یہ لگنے لگا ہے کہ وہ چاہے کسی کو بھی مار دیں، تشدد کریں، کچھ بھی کریں دنیا کی کوئی بھی عدالت ان کا کچھ بگاڑ نہیں سکتی۔‘‘ ان باتوں کا اظہار سابق وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی نے سرحدی ضلع پونچھ میں حراست میں ہوئی شہری ہلاکتوں کے پس منظر میں سرینگر میں منعقدہ پریس کانفرنس کے دوران کیا۔ محبوبہ مفتی نے پونچھ میں ہوئی شہری ہلاکتوں پر گہری تشویش ظاہر کرتے ہوئے ایل جی انتظامیہ سے متاثرین کو امداد دینے کا مطالبہ کیا۔
واضح رہے کہ پونچھ ضلع میں جمعرات کو عسکریت پسندوں کے ذریعہ فوج کی دو گاڑیوں پر گھات لگا کر حملے کے بعد حراست میں تین عام شہری ہلاک ہوئے ہیں۔
مقامی لوگوں نے سیکیورٹی فورسز پر الزام لگایا کہ ان شہریوں کو حملے کے بعد مقامی گاؤں سے حراست میں لیا گیا تھا اور بعد میں ان کی بوریوں میں بند لاشیں گاؤں والوں کو سونپ دی گئیں۔
فوج کے ترجمان نے ای ٹی وی بھارت کو بتایا کہ شہری ہلاکتوں کے بارے میں انہیں کوئی اطلاع نہیں ملی ہے۔ حراست میں تین عام شہریوں کی ہلاکت کے خلاف مقامی عوام میں بھی غم وغصہ کی لہر پائی جاتی ہے۔( ای ٹی وی بھارت)








