امت نیوز ڈیسک //
پلوامہ : جموں و کشمیر کے ڈائریکٹر جنرل آف پولیس (ڈی جی پی) آر آر سوین نے کہا ہے کہ جموں کشمیر پولیس یونین ٹیریٹری میں لوک سبھا انتخابات کے پر امن انعقاد کو یقینی بنانے کے لئے پوری طرح سے تیار بھی ہے اور وعدہ بند بھی۔ آر آر سوین نے دعویٰ کیا ہے کہ پولیس فورس ووٹرز کو محفوظ ماحول فراہم کرے گی۔ ڈی جی پی نے پیر کو جنوبی کشمیر کے ضلع پلوامہ کے رہمو علاقے میں پولیس چوکی کے افتتاح کے بعد میڈیا نمائندوں کے ساتھ بات چیت کے دوران کیا۔
نامہ نگاروں کی جانب سے الیکشن کے حوالہ سے پوچھے گئے ایک سوال کے جواب میں ڈی جی پی نے کہا کہ پولیس فورس، جموں وکشمیر میں منعقد ہونے والے لوک سبھا انتخابات کے پر امن انعقاد کو یقینی بنانے کے لئے پوری طرح سے تیار ہے۔ ڈی جی پی نے کہا: ’’ہم جموں وکشمیر میں لوک سبھا انتخابات کے دوران سبھی ووٹرز کو محفوظ ماحول فراہم کریں گے۔ اور پولیس اس کے لیے وعدہ بند ہے۔‘‘
قبل ازیں پولیس کی جانب سے رہمو علاقے میں پولیس چوکی کا افتتاح کیا گیا جس میں آر آر سوین نے مہمان خصوصی کے طور پر شرکت کی۔ اس موقع پر ایک تقریب کا اہتمام کیا گیا تھا جس میں مقامی باشندوں کی خاصی تعداد نے بھی شرکت کی۔