امت نیوز ڈیسک //
سرینگر: میرواعظ کشمیر ڈاکٹر مولوی محمد عمر فاروق نے مساجد کو عبادت الٰہی کے ساتھ ساتھ ایک روحانی مرکز اور قوم کی ذہنی اور فکری تربیت اور ملت کو درپیش اجتماعی مسائل کو حل کرنے کے ایک مرکز کے طور پر بروئے کار لانے پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ مساجد کو ایسے قومی مراکز (کمیونٹی سنٹر) میں تبدیل کرنے کی ضرورت ہے جو ایک مضبوط، متحرک اور اسلامی تعلیمات سے آراستہ مسلم سماج کو تعمیر کرنے میں ممدوح و معاون ثابت ہو سکیں۔
سرینگر کے مضافات اتھواجن سمپورہ میں ایک مسجد کا سنگ بنیاد رکھنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے میرواعظ نے یہ بات زور دے کر کہی کہ مساجد میں خواتین کو نماز کی ادائیگی اور دینی اجتماعات کا انعقاد کرنے کے لیے جگہوں کی فراہمی کو یقینی بنایا جانا چاہیے اور اگر ہم اسلامی تعلیمات اور اقدار پر قائم رہنا چاہتے ہیں تو خواتین کی مساجد تک رسائی ضروری ہے، کیونکہ ہماری زندگی، سماج اور معاشرے کے ایک اہم جُز کی حیثیت سے خواتین کی مساجد میں حاضری اور شرکت ضروری ہے۔ اس تقریب میں علاقے بھر کے مختلف مکاتب فکر سے وابستہ رہنماﺅں، مقامی باشندوں اور عقیدت مندوں کی ایک بڑی تعداد نے شرکت کی۔
میر واعظ نے اپنے خطاب کے دوران پیغمبر اسلام ﷺ کے دور میں مساجد کے تاریخی کردار اور اہمیت پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ صدر اسلام کے دور میں مساجد کو ایک مرکز کے طور پر ملت کے مسائل کو اجاگر کرنے کیلئے بروئے کار لایا جاتا تھا جس میں اہم سماجی، قومی اور معاشرتی مسائل کے حل کیلئے لائحہ عمل متعین کیا جاتا تھا۔
انہوں نے کہا کہ مساجد کی تعمیر کا مقصد صرف نماز کی ادائیگی نہیں ہونا چاہئے، بلکہ ملی اتحاد، امید کی ایک کرن اور اسلامی تعلیمات کے فروغ اور ایک مسلم معاشرے کی تعمیر کے مرکز کی حیثیت سے بھی قائم کی جانی چاہئے جو پوری قوم کو ایک مرکزپر مجتمع کرنے کا ذریعہ بن سکے۔