امت نیوز ڈیسک //
سری نگر:بھارتی فضائیہ (آئی اے ایف) نے پیر اور منگل کی درمیانی شب جنوبی کشمیر کے ضلع اننت ناگ کے بجبہاڑہ علاقے میں سری نگر – جموں قومی شاہراہ پر 3.5 کلو میٹر طویل ہنگامی لینڈنگ پٹی پر چنکوٹ ہیلی کاپٹروں کی آزمائشی رن کا کامیاب انعقاد کیا۔
متعلقہ ذرائع نے بتایا کہ آئی اے ایف نے دوران شب پٹی پر کم سے کم 9 ٹرائل کئے اور ٹرائل کرنے کا یہ سلسلہ رات کے پونے چار بجے سے ساڑھے چار بجے تک جاری رہا۔
انہوں نے کہا کہ ٹرائل کے دوران قومی شاہراہ پر ٹریفک کو متبادل راستوں کی طرف موڑ دیا گیا تھا اور پٹی کے گرد و پیش علاقوں کو مکمل طور پر سینیٹائز کیا گیا تھا۔انہوں نے کہا کہ اس علاقے میں سیکورٹی کے تھری ٹائر انتظامات کئے گئے تھے۔
متعلقہ حکام نے بتایا کہ آئی اے ایف کے ذریعہ کئے گئے ٹرائلز کا مقصد لینڈنگ کی فزیبلٹی کا پتہ لگانا تھا جس کے لئے چنوک ہیلی کاپٹروں کا استعمال کیا گیا۔
بتادیں کہ اس ہوائی پٹی کی تعمیر سال 2020 میں 119 کروڑ روپیے کی لاگت سے شروع کی گئی تھی۔حکام کا کہنا ہے کہ اس پٹی کو اسٹریٹجک مقاصد کے ساتھ ساتھ قدرتی آفات کے دوران بچائو اور امدادی کارروائیوں کے لئے استعمال کیا جا سکتا ہے۔
اننت ناگ کے بجبہاڑہ علاقے میں سری نگر – جموں قومی شاہراہ پر آزمائشی رن کے پیش نظر حکام نے سیکورٹی کے سخت انتظامات کئے تھے۔
ذرائع نے بتایا کہ علاقے میں سیکورٹی فورسز کی بھاری نفری کی تعیناتی کے علاوہ سی سی ٹی وی کیمروں سمیت مختلف تیکنیکی آلات نصب کئے گئے تھے۔
(یو این آئی)