امت نیوز ڈیسک //
سری نگر: منشیات فروشوں کے خلاف جنگ کو جاری رکھتے ہوئے پولیس نے شمالی کشمیر کے ضلع بارہمولہ میں آٹھ بدنام زمانہ منشیات فروشوں کے خلاف پی ٹی آئی این ڈی پی ایس ایکٹ کے تحت مقدمے درج کئے ہیں۔
ایک پولیس ترجمان نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ مجاز اتھارٹی سے با ضابطہ اجازت حاصل کرنے کے بعد پولیس نے بارہمولہ میں 8 بد نام زمانہ منشیات فروشوں کے خلاف پی ٹی آئی این ڈی پی ایس کے تحت مقدمے درج کئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ مذکورہ منشیات فروشوں کو گرفتار کرکے سینٹرل جیل کوٹ بلوال جموں میں بند رکھا گیا ہے۔
بیان میں ان منشیات فروشوں کی شناخت جاوید محی الدین بٹ ولد غلام محی الدین بٹ ساکن اللہ پورہ کرہامہ کنزر، دانش احمد دھوبی ولد غلام محمد ساکن اوگمونہ کنزر، غلام محی الدین ولد سخی محمد ساکن چندوسہ، عادل احمد بٹ ولد ناصر احمد ساکن گوم احمد پورہ پٹن، وقار حسین بیگ ولد ارشد حسین ساکن لطیف آباد چندوسہ، آفرید احمد وانی ولد حبیب اللہ ساکن بنڈی پائین چندوسہ، بلال احمد بٹ ولد گلزار احمد اور محمد آصف بٹ ولد غلام حسن ساکنان ملورہ سری نگر کے طور پر کی گئی ہے۔
موصوف ترجمان نے کہا کہ مذکورہ منشیات فروشوں کے خلاف کئی مقدمے درج ہیں اور وہ بنڈی، کنزر، اوگمونہ، پٹن، میرگنڈ، واگورہ، کریری اور ضلع کے دیگر علاقوں میں نوجوانوں میں منشیات سپلائی کرنے اور منشیات کو فروغ دینے میں ملوث تھے۔انہوں نے کہا کہ کئی مقدموں میں ملوث ہونے کے باوجود یہ منشیات فروش اپنی سرگرمیوں سے باز نہیں آئے۔
قابل ذکر ہے کہ بارہمولہ پولیس نے ضلع میں سال رواں کے پہلے تین مہینوں کے دوران این ڈی پی ایس ایکٹ کے تحت 58 مقدمے درج کرکے 11 سخت گیر منشیات فروشوں سمیت 91 منشیات فروشوں کو گرفتار کیا ہے اور ان کی تحویل سے زائد از ایک کروڑ روپیے مالیت کا نشہ آور مواد بھی بر آمد کیا ہے۔