امت نیوز ڈیسک ///
شمالی کشمیر کے ضلع کپواڑہ میں لائن آف کنٹرول کے ساتھ واقع کیرن سیکٹر کے جوڈھا مکان بیرنڈوری علاقے کے نزدیک جمعہ کے روز تقریباً 15 پاکستانی ڈرونز پرواز کرتے دیکھے گئے، جس کے بعد بھارتی فوج نے فوری کارروائی کرتے ہوئے وارننگ فائرنگ کی۔
ذرائع کے مطابق بھارتی فوج کی 06 راشٹریہ رائفلز کے اہلکاروں نے فضائی حدود میں ان ڈرونز کو دیکھا اور احتیاطی طور پر فائرنگ کی۔ فوجی ردِعمل کے بعد تمام ڈرونز مبینہ طور پر واپس لوٹ گئے۔ فائرنگ کو غیر مؤثر (نان ایفیکٹو) قرار دیا گیا ہے۔
حکام نے بتایا کہ اس واقعے میں کسی قسم کے جانی یا مالی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔ صورتحال پر قریبی نظر رکھی جا رہی ہے اور علاقے میں نگرانی مزید سخت کر دی گئی ہے۔
سیکیورٹی ایجنسیاں لائن آف کنٹرول پر ہائی الرٹ پر ہیں تاکہ اس نوعیت کی کسی بھی فضائی سرگرمی کی نگرانی کی جا سکے اور ممکنہ خطرات کو روکا جا سکے۔ [کے این ٹی]





