امت نیوز ڈیسک //
سرینگر : جموں و کشمیر میں لوک سبھا انتخابات کے چوتھے مرحلہ کے تحت سرینگر پارلیمانی نشست پر ووٹنگ جاری ہے۔ معروف سیاسی شخصیات بشمول نیشنل کانفرنس (این سی) لیڈران ڈاکٹر فاروق و عمر عبداللہ، پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی (پی ڈی پی) امیدوار وحید پرہ اور اپنی پارٹی کے چیئرمین الطاف بخاری نے بھی ووٹ ڈال ڈالنے کے میڈیا نمائندوں کے ساتھ گفتگو کی۔
جموں کشمیر اپنی پارٹی کے رہنما سید الطاف بخاری نے میلانسن اسکول، شیخ باغ میں قائم ووٹنگ مرکز پر ووٹ ڈالنے کے میڈیا نمائندوں کے ساتھ گفتگو کی۔ الطاف بخاری نے سرینگر میں پر امن انتخابات کے انعقاد پر سرینگر کے شہریوں کو مبارک باد دی اور لوگوں کی جانب سے پونگ ڈے کے موقع پر پولنگ مارکز کا رخ کرنے پر خوشی کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا: ’’کافی خوشی آئند اور باعث مسرت ہے کہ سرینگر میں اچھی خاصی ووٹنگ ہو رہی ہے اور آج کا ووٹ کافی اہم ہے کیونکہ ہمیں امید ہے کہ جو لوگ ملک کے مختلف جیلوں میں بند ہیں، یہ ووٹ ان کی رہائی کا باعث بنے گا۔‘‘
سیاسی ورکروں کو حراست میں لیے جانے سے متعلق پوچھے گئے ایک سوال کے جواب میں الطاف بخاری نے کہا: ’’سبھی جماعتوں کے ورکرز بند ہیں۔‘‘ تاہم انہوں نے تفصیلاً جواب دینے سے گریز کیا۔ یہ پوچھے جانے پر کہ ’’این سی، پی ڈی پی نے کہا ہے کہ حراست میں لئے گئے ان کے ورکران کی وہ لسٹ شائع کر سکتے ہیں، تاہم الطاف بخاری کسی بھی مبینہ طور حراست میں لئے گئے ورکر کا نام شائع نہیں کر سکتے ہیں؟‘‘ الطاف بخاری نے کہا: ’’سب جانتے ہیں کہ کون بند ہے اور کیوں بند ہے، جن لوگوں کو حراست میں لیا گیا انہیں کن کیسز میں بند کیا گیا وہ سب ایف آئی آر این سی اور پی ڈی پی کے دوران میں درج کیے گئے تھے۔‘‘