امت نیوز ڈیسک //
بارہمولہ : شمالی کشمیر کے ضلع بارہمولہ میں منشیات فروشی کے خلاف کارروائیاں جاری رکھتے ہوئے جموں کشمیر پولیس نے مجاز اتھارٹی سے حراستی حکمانہ حاصل کرنے کے بعد PIT NDPS ایکٹ کے تحت منشیات فروش کو جیل بھیج دیا۔ جیل بھیجے گئے شخص کی شناخت پولیس نے توصیف نبی گانی المعروف ’’توصیف پج‘‘ ولد غلام نبی ساکن اسٹیڈیم کالونی، بارہمولہ کے طور پر کی۔
بارہمولہ پولیس کا کہنا ہے کہ توصیت کے خلاف ڈوزیئر تیار کرکے متعلقہ حکام سے حراستی احکامات حاصل کرکے اسے سنٹرل جیل کوٹ بلوال، جموں میں روانہ کیا گیا۔ پولیس کے مطابق جیل بھیجے گئے منشیات فروش کے خلاف کئی مقدمات درج ہیں اور وہ قصبہ بارہمولہ سمیت ضلع کے دیگر علاقوں کے نوجوانوں کو منشیات سپلائی کرکے منشیات کے کاروبار کو فروغ دینے میں ملوث تھا۔ کئی ایف آئی آرز میں ملوث ہونے کے باوجود وہ اپنی سرگرمیوں سے باز نہیں آیا نوجوانوں کو منشیات فراہم کرکے منشیات فروشی کو فروغ دینا جاری رکھا۔
واضح رہے کہ اس بارہمولہ میں پولیس سال کے ابتدائی پانچ ماہ میں ڈیڑھ سو سے بھی زائد منشیات فروشوں کو حراست میں لے لیا جن میں دو درجن سے زائد عادی منشیات فروشوں کو جیل بھیج دیا گیا ہے۔ اور ان کارروائیوں میں اب تک پچاس کروڑ روپے سے بھی زائد مالیت کی منشیات کو ضبط کر لیا گیا ہے۔ علاوہ ازیں منشیات فروشوں کی غیر منقولہ جائیداد کو بھی قرق کر لیا گیا ہے۔