امت نیوز ڈیسک //
نئی دہلی: 2017 کے جموں و کشمیر ملی ٹینسی فنڈنگ کیس میں گرفتار انجینئر رشید نے دہلی کی پٹیالہ ہاؤس عدالت میں باقاعدہ ضمانت کی درخواست دائر کی ہے۔ عدالت نے اس عرضی کو لے کر قومی تحقیقاتی ایجنسی (این آئی اے) کو نوٹس جاری کرتے ہوئے اس کی سماعت 28 اگست کو مقرر کی ہے۔
لوک سبھا انتخابات میں نیشنل کانفرنس کے سینئر لیڈر عمر عبداللہ کو بارہمولہ پارلیمانی سیٹ سے آزاد امیدوار کے طور پر شکست دے کر روشنی میں آنے والے انجینئر رشید کشمیر میں اپنے اثرات کو بڑھانے کی تیاری کر رہے ہیں۔ ان کی پارٹی عوامی اتحاد پارٹی (اے آئی پی) جو کبھی لنگیٹ اسمبلی تک محدود تھی، موجودہ اسمبلی انتخابات میں اپنی حمایت بڑھانے کی کوشش کر رہی ہے۔ اس کے لیے شمالی کشمیر کے علاوہ منتخب اسمبلی حلقوں میں بھی مضبوط لیڈروں کی تلاش کی جارہی ہے۔ پی ڈی پی، این سی اور اپنی پارٹی کے کئی ناراض لیڈران ان کے رابطے میں بتائے جاتے ہیں۔
واضح رہے کہ شیخ عبد الرشید، جو انجینئر رشید کے نام سے مشہور ہیں، ایک کشمیری سیاست دان اور جموں و کشمیر، بھارت کے بارہمولہ سے رکن پارلیمان ہیں۔ اس سے قبل انجینئر رشید ہندواڑہ کے لنگیٹ حلقہ سے جموں و کشمیر کی قانون ساز اسمبلی کے رکن تھے۔