امت نیوز ڈیسک //
سری نگر : جموں و کشمیر میں اسمبلی انتخابات تین مرحلوں میں ہوں گے جبکہ پہلے مرحلے میں کل 219 امیدوار میدان میں ہیں۔ عہدیداروں نے بتایا کہ جمعہ کو نامزدگی واپس لینے کے آخری روز 25 کاغذات نامزدگیاں واپس لے لی گئیں۔ جموں و کشمیر اسمبلی انتخابات کے پہلے مرحلہ کے تحت سات اضلاع کے 24 اسمبلی حلقوں کے لیے کل 280 نامزدگیاں داخل کی گئی تھیں، تاہم جانچ پڑتال کے بعد، 36 امیدواروں کے کاغذات نامزدگی مسترد کر دیے گئے، جبکہ 25 امیدواروں نے اپنے کاغذات نامزدگی واپس لے لیا، جس کے بعد اب 219 امیدوار میدان میں رہ گئے ہیں۔ 18 ستمبر کو ووٹنگ ہوگی۔
چیف الیکٹورل آفیسر جے کے یو ٹی کے دفتر نے بتایا کہ کل 244 درست نامزدگیوں میں سے، 25 امیدواروں کی جانب سے نامزدگیاں واپس لے لیں گئیں۔ اس کے ساتھ، اب صرف 219 درست نامزد امیدوار 24 اسمبلی حلقوں کے لیے میدان میں رہ گئے۔ عہدیدار نے مزید کہا کہ ان کاغذات نامزدگیاں واپس لینے والے 25 امیدواروں میں سے پانچ کا تعلق کشمیر ڈویژن سے اور 20 کا تعلق جموں ڈویژن سے ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ کاغذات نامزدگی واپس لینے والے 25 امیدواروں میں سے 18 آزاد تھے۔ عہدیداروں نے بتایا کہ ڈیموکریٹک پروگریسو آزاد پارٹی کے پانچ امیدواروں اور جموں و کشمیر نیشنل پینتھرس پارٹی (انڈیا) اور بہوجن سماج پارٹی کے ایک ایک امیدوار نے بھی اپنی امیدواری واپس لے لی۔ ڈوڈہ ضلع میں 7 امیدواروں نے اپنا پرچہ نامزدگی واپس لے لیا، اس کے بعد ضلع کشتواڑ میں 7، ضلع رامبن میں 6، ضلع اننت ناگ میں 3، کولگام ضلع میں 1 اور پلوامہ ضلع میں 1، جب کہ شوپیاں ضلع میں کسی امیدوار نے اپنا کاغذات نامزدگی واپس نہیں لیا۔