امت نیوز ڈیسک //
سری نگروسطی ضلع گاندربل کے ناراناگ کے اوپری پہاڑی علاقے میں دہلی سے تعلق رکھنے والے ٹریکر سمیت دوافراد کی موت واقع ہوئی ہے ۔
ذرائع نے بتایا کہ ناراناگ کے اوپری پہاڑی پر دہلی سے تعلق رکھنے والا ٹریکر جس کی شناخت 45سالہ روہت سیال ساکن دہلی کے بطور ہوئی ہے چند روز قبل ٹریکنگ کی خاطر نارا ناگ کے گارڈ سر جھیل کی طرف پیش قدمی شروع کی۔
معلوم ہوا ہے کہ اوپری پہاڑی پر گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران موسم خراب ہوا جبکہ برف باراں کی وجہ سے پورا علاقہ شدید سردی کی لپیٹ میں آیا ۔
ذرائع نے بتایا کہ دہلی کے ٹریکر سمیت گوجر بکروال طبقے سے وابستہ دو افراد بھی وہاں پر شدید سردی میں پھنس کر رہ گئے۔
انہوں نے مزید بتایا کہ تینوں وہاں پر ’ہائی پر تھرمیا “کا شکار ہو ئے جس وجہ سے دہلی کے ٹریکٹر سمیت دو افراد کی موت واقع ہوئی ہے۔
ذرائع کے مطابق ضلعی انتظامیہ ، پولیس اور فوج نے فوری طور پر ریسکیو آپریشن شروع کیا جس دوران دو افراد کی لاشیں برآمد کی جا چکی ہے جبکہ تیسرے کی تلاش جاری ہے۔
بعض اطلاعات کے مطابق تینوں پیر پھسل جانے کے نتیجے میں پہاڑی سے نیچے گر آئے ہیں ۔
حکام کا کہنا ہے کہ ریسکیو آپریشن جاری ہے مذکورہ افراد کی موت کیسے اور کن حالات میں ہوئی اس بارے میں کچھ بھی کہنا قبل از وقت ہوگا ۔
انہوں نے کہاکہ ریسکیو ٹیم فی الحال اُس علاقے میں جہاں پر مواصلاتی سسٹم کام نہیں کرتا اور اُن سے رابط بھی نہیں ہو رہا ہے۔
ان کے مطابق ریسکیو ٹیم کے اہلکار جوں ہی واپس نیچے آتے ہیں تو مذکورہ افراد کی موت کے بارے میں وثوق کے ساتھ کچھ کہا جاسکتا ہے۔(یو این آئی)