امت نیوز ڈیسک //
نئی دہلی: دہلی کی ایک عدالت نے منگل کو لوک سبھا ممبر پارلیمنٹ انجینئر رشید کو ٹیرر فنڈنگ کیس میں 2 اکتوبر تک عبوری ضمانت دے دی۔ انجینئر رشید کے نام سے مشہور شیخ عبدالرشید نے بارہمولہ میں 2024 کے لوک سبھا انتخابات میں سابق وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ کو شکست دی ہے۔
ایڈیشنل سیشن جج چندر جیت سنگھ نے راشد کو راحت دی، جنھوں نے آئندہ جموں و کشمیر اسمبلی انتخابات میں مہم چلانے کے لیے عبوری ضمانت کے لیے عدالت سے رجوع کیا تھا۔
5 جولائی کو عدالت نے رشید کو لوک سبھا کے رکن کی حیثیت سے حلف لینے کے لیے حراستی پیرول دیا تھا۔
راشد 2019 سے جیل میں ہیں۔ انھیں 2017 کے دہشت گردی کی فنڈنگ کیس میں غیر قانونی سرگرمیاں (روک تھام) ایکٹ کے تحت نیشنل انویسٹی گیشن ایجنسی (این آئی اے) نے گرفتار کیا تھا۔ انجینئر رشید تہاڑ جیل میں بند ہیں۔
عدالت نے ان کی باقاعدہ درخواست ضمانت پر فیصلہ کل تک کے لیے محفوظ کر لیا ہے۔
راشد کا نام کشمیری تاجر ظہور وتالی کی تحقیقات کے دوران سامنے آیا۔ اس کے بعد این آئی اے نے انجینئر رشید کو وادی کشمیر میں عسکریت پسند تنظیموں اور علیحدگی پسندوں کی مالی معاونت کے الزام میں گرفتار کیا تھا۔
این آئی اے نے اس معاملے میں کشمیری علیحدگی پسند لیڈر یاسین ملک، لشکر طیبہ کے بانی حافظ سعید اور حزب المجاہدین کے سربراہ سید صلاح الدین سمیت کئی لوگوں کے خلاف چارج شیٹ داخل کی تھی۔
یاسین ملک کو ٹرائل کورٹ نے 2022 میں الزامات کا اعتراف کرنے کے بعد عمر قید کی سزا سنائی گئی تھی۔