امت نیوز ڈیسک //
جموں: جموں و کشمیر کے اکھنور میں گذشتہ روز ہوئے انکاؤنٹر کے بعد آج دوسرے دن بھی سرچ آپریشن جاری ہے۔ فوج، نیم فوجی دستوں اور پولیس کے مشترکہ آپریشن میں پورے علاقے کو محاصرے میں لے کر عسکریت پسندوں کو تلاش کیا جا رہا ہے۔
گذشتہ روز آسن کے قریب سندر بنی سیکٹر میں عسکریت پسندوں نے ایک فوجی قافلے پر حملہ کر دیا تھا۔ سکیورٹی ذرائع کے مطابق فوج کی ایمبولینس پر ہوئی فائرنگ میں کوئی نقصان نہیں ہوا۔ فائرنگ کے بعد عسکریت پسند جنگلات میں فرار ہو گئے۔ واقعے کے فوراً بعد سکیورٹی فورسز نے پورے علاقے کا محاصرہ کر کے بڑے پیمانے پر تلاشی مہم شروع کی۔ سرچ آپریشن کے دوران شروع ہوئے انکاؤنٹر میں ایک ملی ٹینٹ مارا گیا ہے۔
فوج کے مطابق اس حملے میں تقریباً تین عسکریت پسند شامل تھے، جن میں سے دو اب بھی چھپے ہوئے ہیں۔ چھپے ہوئے عسکریت پسندوں کی تلاش کے لیے آج دوسرے دن بھی آپریشن جاری ہے۔
گذشتہ روز اکھنور انکاؤنٹر کے دوران فوج کا ایک کھوجی کتا گولی لگنے کی وجہ سے ہلاک ہو گیا۔ فوج نے بتایا کہ عسکریت پسندوں کی گھرابندی کے دوران دشمن نے کتے کو گولی مار دی، جس کی وجہ سے وہ شدید زخمی ہوگیا۔ بعد میں اس کی موت ہو گئی۔ یہ کتا فینٹم اسپیشل نیم فوجی دستوں کا حصہ تھا اور وہ عسکریت پسندوں کا پیچھا کر رہا تھا۔ فوج نے مزید بتایا کہ جاری آپریشن میں اب تک ایک عسکریت پسند کو ہلاک کر دیا گیا ہے اور اس کے پاس سے جنگی ساز و سامان بھی برآمد کیا گیا ہے۔










