امت نیوز ڈیسک //
شوپیاں : جموں و کشمیر کے ڈپٹی چیف منسٹر سریندر چودھری نے واضح کیا ہے کہ نیشنل کانفرنس (این سی) اور بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے درمیان کبھی بھی کسی بھی قسم کا اتحاد ممکن نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ نیشنل کانفرنس کو کسی بھی سیاسی جماعت کی حمایت کی ضرورت نہیں اور مستقبل میں پارٹی ہمیشہ اپنے اصولوں پر کاربند رہے گی۔
نائب وزیر اعلیٰ سریندر چودھری نے یہ بیان آج شوپیاں کے ارہامہ میں واقع منی سیکریٹریٹ میں ایک اعلیٰ سطحی ترقیاتی میٹنگ کے دوران کیا۔ اس اجلاس میں مختلف محکموں کے افسران شریک تھے، جہاں خطے کی ترقیاتی اسکیموں اور عوامی مسائل پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس اجلاس میں ترقیاتی منصوبہ پر بھی غور و خوص کیا گیا اور عہدیداروں کے ساتھ حالات کا جائزہ لیا گیا۔
ڈپٹی چیف منسٹر نے افسران کو ہدایت دی کہ وہ عوامی بہبود کے منصوبوں پر تیزی سے عمل درآمد کریں اور علاقے کے بنیادی مسائل کے حل کو ترجیح دیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت عوامی مفاد میں کام کرنے کے لیے پرعزم ہے اور ہر ممکن اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ انہوں نے اجلاس میں بات کرتے ہوئے کہا کہ نیشنل کانفرنس کبھی بھی کسی بھی حال میں بی جے پی سے اتحاد نہیں کرے گی۔








