امت نیوز ڈیسک //
اگلے ماہ کی 3تاریخ سے جموں کشمیر یوٹی کے پہلے بجٹ اجلاس کی شروعات سے قبل جموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی کے سپیکر عبدالرحیم راتھر کی صدارت میں آل پارٹی میٹنگ منعقد ہوئی جس دوران سپیکر نے تمام قانون ساز ممبران پر زور دیا کہ وہ عوامی مسائل پر توجہ دیں ۔
انہوں نے ممبران سے کہا کہ ہاوس آپ کا ہے۔ آپ لوگوں کی نمائندگی کر رہے ہیں۔ تمام قواعد پر عمل کرتے ہوئے کسی بھی مسئلے کو نظم و ضبط کے ساتھ اٹھائیں۔ سی این آئی کے مطابق جموں کشمیر قانون ساز اسمبلی کے اسپیکر عبدالرحیم راتھر نے جمعرات کو یوٹی حکومت کے پہلے بجٹ اجلاس سے پہلے ایک آل پارٹی میٹنگ بلائی ۔ ذرائع کے مطابق میٹنگ کے دوران سپیکر نے تمام سیاسی جماعتوں کے ممبران پر زور دیا کہ وہ اپنے ووٹران کی توقعات پر پورا اترنے کے لیے عوامی مسائل کو اٹھائیں۔میٹنگ کے دوران سپیکر نے قانون ساز ممبران سے کہا ”ہاوس آپ کا ہے۔ آپ لوگوں کی نمائندگی کر رہے ہیں۔ تمام اصولوں پر عمل کرتے ہوئے کسی بھی مسئلے کو نظم و ضبط کے ساتھ اٹھائیں۔ “
اجلاس کے دوران بی جے پی ممبر اسمبلی اور قائد حزب اختلاف سنیل شرما کے اس استدلال کا جواب دیتے ہوئے کہ ملک مخالف یا غیر آئینی ایجنڈے کی خدمت کرنے والے کسی بھی کاروبار کی اجازت نہیں دی جانی چاہئے، اسپیکر نے کہا”ایوان کی کارورائی کے اصولوں کے مطابق سختی سے چلے گا“۔میٹنگ سے پہلے بھی شرما نے میڈیا کے نمائندوں سے بات کرتے ہوئے، اپنی پارٹی کے اس موقف کا اعادہ کیا تھا کہ بی جے پی کی طرف سے کسی بھی ملک مخالف یا غیر آئینی بل، سوال یا قرارداد کو ایوان میں پیش کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔
میٹنگ میں نیشنل کانفرنس کے مبارک گل، کانگریس کے جی اے میر، بی جے پی کے سنیل شرما اور ایس ایس سلاتھیا، پی ڈی پی کے وحید پرہ، سی پی آئی ایم کے ایم وائی تاریگامی اور آزاد ممبر اسمبلی مظفر اقبال نے شرکت کی۔











