امت نیوز ڈیسک //
جموں : جموں و کشمیر کے وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ کی جانب سے پیش کیے گئے بجٹ پر اپوزیشن جماعتوں نے سخت ردعمل ظاہر کیا۔ پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی (پی ڈی پی) نے اسے حکمران نیشنل کانفرنس کی وعدوں اور حقیقت کے درمیان "بڑا فرق” قرار دیا، جبکہ بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) نے اسے "مکمل ناکامی” سے تعبیر کیا۔
بی جے پی لیڈر سنیل شرما نے کہا کہ "یہ بجٹ واضح طور پر نیشنل کانفرنس کے انتخابی منشور میں کیے گئے وعدوں اور عملی صورتحال کے درمیان وسیع فرق کو بے نقاب کرتا ہے۔ انہوں نے ہر گھر کو 200 یونٹ مفت بجلی فراہم کرنے کا وعدہ کیا تھا، جس سے عوام میں امیدیں پیدا ہوئیں، لیکن بجٹ میں کی گئی اعلان سے یہ ثابت ہوتا ہے کہ یہ وعدہ محض ایک انتخابی چال تھا۔
پی ڈی پی نے حکومت پر الزام عائد کیا کہ اس نے فائدے کو صرف انتودیا انّ یوجنا (AAY) راشن کارڈ ہولڈرز تک محدود کر دیا، جس سے ریاست کی ایک بڑی آبادی محروم ہو گئی۔
"16 لاکھ راشن کارڈ ہولڈرز میں سے صرف 95,000 افراد کو فائدہ پہنچے گا، جو کہ کل آبادی کا محض 5-7 فیصد ہے۔ سوال یہ پیدا ہوتا ہے کہ حکومت نے انتخابات کے دوران عوام کو کیوں گمراہ کیا؟ اس اسکیم کو تمام گھروں تک کیوں نہیں پہنچایا گیا جیسا کہ وعدہ کیا گیا تھا؟ اور بجٹ اعلان سے پہلے 1,27,000 AAY راشن کارڈ ہولڈرز کو فہرست سے کیوں خارج کر دیا گیا؟”
ایم ایل اے لنگیٹ خورشید سیخ نے بجٹ کو "مایوس کن” قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ روایتی "مرکزی اسکیموں کی گردان” کے سوا کچھ نہیں۔ "بجٹ تقریر متوقع طور پر مایوس کن رہی، وہی پرانی طرز کی باتیں، جہاں مرکزی حکومت کی اسکیموں کو دہرا کر پیش کیا گیا۔ بجٹ میں سیاسی بیانات اور اقتصادی اعداد و شمار کے درمیان نمایاں تضاد تھا۔ خورشید سیخ نے کہاکہ نیشنل کانفرنس نے وہی سرکاری اعدادوشمار اب درست مان لیے ہیں جنہیں وہ پچھلی دہائی میں مسترد کرتے رہے۔
بی جے پی کے ترجمان آر ایس پھٹھانیہ نے کہاکہ "یہ بجٹ محض جملے بازی اور انتخابی وعدوں سے صریح دھوکہ دہی ہے۔ عمر عبداللہ نے 12 مفت گیس سلنڈر، ایک لاکھ نوکریاں اور مفت راشن دینے کا وعدہ کیا تھا، وہ کہاں ہیں؟” انہوں نے حکومت کو 200 یونٹ مفت بجلی صرف اے اے وائی مستحقین کو دینے پر تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ "یہ صرف 1.5 فیصد آبادی کو فائدہ دے گا، جو سراسر دھوکہ ہے۔” انہوں نے مزید کہاکہ "عمر عبداللہ نے اقتدار میں آنے کے لیے بلند و بانگ دعوے کیے، لیکن ان کی حکومت ہر محاذ پر ناکام رہی ہے۔










