امت نیوز ڈیسک //
سرینگر: مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ اپنے جموں و کشمیر کے دورے کے پیش نظر پیر کی شام گرمائی دارالحکومت سرینگر پہنچ گئے۔ ان کا استقبال وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ سمیت دیگر اعلیٰ حکام نے سرینگر ایئرپورٹ پر کیا۔
سرینگر پہنچنے کے بعد امیت شاہ نے کوکرناگ انکاؤنٹر کے دوران ہلاک ہوئے ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ آف پولیس ہمایون مزمل بٹ کے گھر جا کر ان کے اہلخانہ سے ملاقات کی۔ ہمایون 13 ستمبر 2023 کو جنوبی کشمیر کے کوکرناگ علاقے میں ایک انکاؤنٹر کے دوران ہلاک ہوئے تھے، اس انکاؤنٹر میں دیگر تین سیکیورٹی اہلکار بھی مارے گئے تھے۔
ذرائع کے مطابق وزیر داخلہ شام کو راج بھون روانہ ہوں گے جہاں وہ مختلف عوامی وفود سے ملاقات کریں گے۔ امیت شاہ آج صبح جموں پہنچے تھے، جہاں انہوں نے بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے رہنماؤں کے ساتھ اجلاس طلب کیا، بین الاقوامی سرحد کا دورہ کیا اور ہلاک ہوئے پولیس اہلکاروں کے اہل خانہ کے ساتھ ملاقات کی۔ وزیر داخلہ 8 اپریل کو نئی دہلی واپس روانہ ہوں گے۔
اس سے قبل کانگریس نے جموں میں ملی ٹینسی کے بڑھتے واقعات پر مرکزی وزارت داخلہ کی کارکردگی پر سوال اٹھاتے ہوئے کہا تھا کہ ’’جموں خطے میں صورتحال ’سنگین‘ ہو چکی ہے۔‘‘ جموں کشمیر پردیش کانگریس کمیٹی نے وزیر داخلہ امیت شاہ سے اس معاملے میں وضاحت طلب کی ہے۔ دریں اثناء، کانگریس سمیت پی ڈی پی نے بھی عمر عبداللہ کی قیادت والی حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ امیت شاہ سے ملاقات کے دوران سیکیورٹی، اختیارات کی منتقلی اور عوامی مسائل کو بھرپور انداز میں اٹھائیں۔










