امت نیوز ڈیسک //
سری نگر 20 اپریل //جموں و کشمیر کے گرمائی دارالحکومت سری نگر میں آج ایک پروقار نکاح کی تقریب کے دوران میرواعظ مولوی عمر فاروق اور آل انڈیا مجلس اتحاد المسلمين کے صدر و رکن پارلیمان اسدالدین اویسی کے درمیان خوشگوار ملاقات عمل میں آئی۔
معلوم ہوا ہے کہ میرواعظ مولوی عمر فاروق اور اسد الدین اویسی کے درمیان اس موقع پر کافی دیر تک بات چیت ہوئی
اطلاعات کے مطابق سری نگر میں اتوار کے روز نکاح کی تقریب کے دوران میر واعظ مولوی عمر فاروق اور اسد الدین اویسی سے ملاقات ہوئی اور ایک دوسرے کی خیر و عافیت دریافت کی اسد الدین اویسی کی اچانک اور غیر رسمی شرکت نے اس تقریب کو مزید توجہ کا مرکز بنا دیا تاہم تقریب مکمل طور پر نجی نوعیت کی رہی اور میڈیا کی رسائی محدود رکھی گئی۔
ذرائع کے مطابق اویسی کا یہ دورہ سرکاری نوعیت کا نہیں بلکہ مکمل طور پر نجی ہے، تاہم ان کی میرواعظ سے ملاقات اور اس تقریب میں شرکت کو کشمیر کی موجوده سماجی و مذہبی صورتحال کے تناظر میں اہم قرار دیا جا رہا ہے۔
میرواعظ نے ایکس پر اس کی جانکاری فراہم کرتے ہوئے بتایا کہ سری نگر میں آج ایک پرسکون اور روحانی ماحول میں نکاح کی ایک مذہبی تقریب کا انعقاد عمل میں آیا۔
انہوں نے مزید کہا کہ اس پروقار تقریب میں آل انڈیا مجلس اتحاد المسلمین کے صدر اور رکن پارلیمان اسد الدین اویسی نے بھی شرکت کی جو ان دنوں ذاتی دورے پر وادی کشمیر میں موجود ہیں۔










