امت نیوز ڈیسک //
نئی دہلی: ہندوستان پاکستان کے بیچ شدید کشیدگی کے بیچ آج وزیر اعظم نریندر مودی کی رہائش گاہ پر ہو رہی کابینہ کی سکیورٹی کمیٹی کی میٹنگ ختم ہو گئی ہے۔ ذرائع کے مطابق سہ پہر تین بجے ایک پریس بریفنگ ہوگی، جس میں بڑے فیصلوں کا اعلان متوقع ہے۔
22 اپریل کو جموں و کشمیر کے پہلگام حملے میں 26 سیاحوں کی ہلاکت کے بعد سے یہ پہلا موقع ہے جب تمام کابینہ کی کمیٹیاں لگاتار میٹنگ کر رہی ہیں۔ صبح سے وزیر اعظم کی رہائش گاہ پر چار بیک ٹو بیک میٹنگز ہو چکی ہیں۔ وہیں پاکستان نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ بھارت اگلے 36 گھنٹوں کے اندر عسکری حملہ کر سکتا ہے۔
قومی سلامتی پر فیصلہ سازی کرنے والی اعلیٰ ترین کمیٹی کا اجلاس کچھ ہی دنوں کے اندر دوسری بار وزیر اعظم کی رہائش گاہ پر بلایا گیا۔
سی سی ایس میں وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ، وزیر داخلہ امیت شاہ، وزیر خارجہ ایس جے شنکر اور وزیر خزانہ نرملا سیتا رمن اس میٹنگ میں شامل ہیں۔
اس اجلاس کے بعد کابینہ کمیٹی برائے سیاسی امور (CCPA) اور کابینہ کمیٹی برائے اقتصادی امور (CCEA) کے اجلاس ہوئے۔ کابینہ کے اس اجلاس کے پیش نظر وزیر اعظم کی رہائش گاہ پر سینئر وزراء کا مجمع لگا رہا ہے۔ حکومت سہ پہر تین بجے میڈیا سے بات کرے گی۔
اس سے قبل پی ایم مودی کی زیر صدارت پہلی سی سی ایس میٹنگ میں ہندوستان نے پاکستان کے خلاف متعدد اقدامات اٹھائے۔ بھارت نے سندھ طاس معاہدے کو معطل کرنے، اٹاری بارڈر کو بند کرنے، پاکستانی شہریوں کے ویزوں کی منسوخی، اس کے بہت سے یوٹیوب چینلز اور ہینڈلز پر پابندی، اور پاکستانی سفارتی عملے کو کم کرنے کا اعلان کیا۔









