امت نیوز ڈیسک //
اننت ناگ : جموں و کشمیر پردیش کانگریس کمیٹی (جے کے پی سی سی) کے صدر اور رکن اسمبلی طارق حمید قرہ نے پہلگام حملے کو ’’انٹیلی جنس کی ایک بڑی ناکامی‘‘ قرار دیتے ہوئے اس کی مکمل تحقیقات کا مطالبہ کیا۔ ان باتوں کا اظہار قرہ نے بدھ کو جنوبی کشمیر کے اننت ناگ ضلع میں کانگریس پارٹی کی جانب سے منعقدہ ریلی کے بعد پریس کانفرنس کے دوران کیا۔
میڈیا نمائندوں سے خطاب کرتے ہوئے قرہ نے انکشاف کیا کہ ’’پہلگام واقعے سے کم از کم تین دن قبل ’خطرے‘ سے متعلق معتبر اطلاعات موصول ہوئی تھیں، اس کے باوجود مناسب حفاظتی اقدامات نہیں کیے گئے۔‘‘ قرہ کے مطابق ’’یہ ایک سنگین کوتاہی ہے جو فوری توجہ اور احتساب کی متقاضی ہے۔‘‘
قرہ نے مرکزی سرکار و یو ٹی انتظامیہ سے مطالبہ کیا کہ ’’واقعے کی مکمل اور غیرجانبدارانہ تحقیقات کرائی جائے اور ذمہ داران کو جوابدہ بنایا جائے۔‘‘ انہوں نے فعال انٹیلی جنس کوآرڈینیشن اور فوری احتیاطی اقدامات پر بھی زور دیا تاکہ ’’شہریوں کے تحفظ کو یقینی بنایا جا سکے۔‘‘
کانگریس لیڈر نے مزید کہا: ’’یہ صرف ایک سیکورٹی مسئلہ نہیں بلکہ عوامی اعتماد اور اداروں کی ساکھ کا معاملہ بھی ہے۔‘‘ دریں اثناء، طارق حمید قرہ نے عوام سے اپیل کی کہ وہ اس نازک وقت میں امن و اتحاد برقرار رکھیں اور تمام شہریوں کے تحفظ کے لیے کانگریس کے عزم کا بھی اعادہ کیا۔ ملی ٹینسی سے متعلق پوچھے گئے ایک سوال کے جواب میں قرہ نے کہا: ’’یہ سوال مرکزی یعنی بی جے پی حکومت سے پوچھا جانا چاہئے جو گزشتہ پانچ برسوں سے یہاں امن اور ملی ٹینسی کے خاتمے کے دعوے کر رہی ہے۔‘‘








