امت نیوز ڈیسک //
سرینگر: صحت اور تعلیم کی وزیر سکینہ ایتو نے کہا کہ حکومت موجودہ موسمی حالات کو پیش نظر رکھتے ہوئے اسکولوں میں گرمیوں کی تعطیلات کا اعلان کرے گی۔ بدھ کو صحافیوں سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ "محکمہ اسکول ایجوکیشن موسم کی صورتحال پر نظر رکھے ہوئے ہے۔ اگر ہمیں لگا کہ ان ابتدائی گرمیوں کے ایام میں ہی چھٹیوں کی ضرورت ہے تو ہم اس کے مطابق گرمائی تعطیلات کا اعلان کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ وادی کشمیر میں گرمی کی شدت ابھی چند روز سے ہی محوسس کی جارہی ہے۔ اگر ایسی ہی ہیٹ ویو جاری رہی تو ہم اس کے مطابق ہی گرمائی تعیطلات کے حوالے سے فیصلہ لیں گے۔
سیاحت کے بارے میں سکینہ ایتو نے کہاکہ سیاحت کے اعتبار سے کشمیر پوری دنیا میں مشہور ہے۔ ایسے میں ہم چاہتے ہیں کہ زیادہ سے زیادہ سیاح یہاں آئیں اور فطرت سے لطف اندوز ہوں۔ اس دوران وزیر صحت و طبی تعلیم نے ریزرویشن کے تعلق سے کہا کہ کابینہ کی ذیلی کمیٹی نے اپنی رپورٹ مکمل کر لی ہے اور اس رپورٹ کو اب آئندہ کابینہ اجلاس میں پیش کیا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ ریزرویشن کے تعلق سے تحفظات کے معاملے کی جانچ کرنے کے لیے تشکیل دی گئی کابینہ کی ذیلی کمیٹی نے چھ ماہ کے مقررہ وقت کے اندر اپنی رپورٹ کا مسودہ تیار کر لیا ہے۔ رپورٹ کو کابینہ کے سامنے اس وقت پیش کیا جائے گا جب کابینہ کا اجلاس منعقد ہوگا۔











