امت نیوز ڈیسک //
پلوامہ: پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی (پی ڈی پی) نے جموں کشمیر کے دیگر اضلاع کی طرح جنوبی کشمیر کے پلوامہ پلوامہ ضلع میں بھی پارٹی کے 26 ویں یوم تاسیس کے سلسلے میں پروگرام منعقد کیا۔ پلوامہ میں منعقدہ اجلاس میں پارٹی کے مقامی کارکنان کے ساتھ ساتھ پی ڈی پی کے سینئر لیڈر اور ایم ایل اے پلوامہ وحید الرحمان پرہ نے بھی شرکت کی۔
اجلاس کے حاشیے پر ایم ایل اے پلوامہ نے میڈیا نمائندوں کے ساتھ بات کرتے ہوئے کہا: ’’جموں وکشمیر کی نوکریاں اور زمین کے حقوق جموں وکشمیر کے لوگوں کے لیے محفوظ رکھے جانے چاہیے اور ان کی حفاظت کے لیے سبھی پارٹیز نے انتخابات میں حصہ لیا تھا اور عوام سے ان کے تحفظ کے وعدے کیے۔‘‘ ایم ایل اے پلوامہ کے مطابق: ’’ان وعدوں پر ہی نیشنل کانفرنس کو بھاری اکثریت ملی، جس کا مطلب ہے کہ عوام نے نیشنل کانفرنس پر زیادہ اعتماد ظاہر کیا تھا۔‘‘
انہوں نے کہا:ـ ’’نیشنل کانفرنس نے لوگوں سے وعدہ کیا کہ یہاں پر بے روزگاری کو ختم کی جائے گی، تاہم اس کے برعکس یہاں کے قدرتی وسائل، روزگار اور دیگر چیزوں کو لوٹا جا رہا ہے جس کے باعث بے روزگاری میں اضافہ ہو رہا ہے۔‘‘
ایم ایل اے پلوامہ نے دعویٰ کیا کہ ان کی پارٹی یہاں کے قدرتی وسائل اور نوکریوں کو صرف جموں وکشمیر کے باشندوں کے لئے محفوظ و مخصوص رکھنے کی وکالت کرتی رہی ہے تاکہ ’’یہاں بےروزگاری کم ہو۔‘‘
انہوں نے کہا: ’’ہمیں چھینا ہوا خصوصی درجہ واپس دیا جانا چاہیے، اور کانگریس سمیت انڈیا الائنس کو 370 اور 35 اے کی بات کرنی چاہئے۔‘‘ انہوں نے ’’5 اگست کو جموں وکشمیر سے چھینی گئی حیثیت کی واپسی کے لیے پر عزم‘‘ ہونے کا بھی دعویٰ کیا۔








