امت نیوز ڈیسک //
جموں، 22 جنوری : وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ نے جمعرات کے روز جموں کو کشمیر سے الگ کرنے کے مطالبے کو سختی سے مسترد کرتے ہوئے کہا کہ یہ مطالبہ چند حاشیہ بردار عناصر کی جانب سے اٹھایا جا رہا ہے اور جموں و کشمیر کے عوام کسی بھی صورت اس خطے کی تقسیم کی اجازت نہیں دیں گے۔
سنیل شرما کے بیانات پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے عمر عبداللہ نے کہا کہ اگر سنیل شرما وزیر اعلیٰ بننے کی خواہش رکھتے ہیں تو انہیں پورے جموں و کشمیر کی قیادت کا خواب دیکھنا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ سیاسی مفادات کی خاطر جموں و کشمیر کو محدود کرنے کی سوچ رکھنے والے افراد زیادہ سے زیادہ چند علاقوں کے میئر ہی بن سکتے ہیں۔
عمر عبداللہ نے پارٹی کارکنوں سے خطاب کے دوران کہا،
“اگر سنیل شرما وزیر اعلیٰ بننا چاہتے ہیں تو انہیں پورے جموں و کشمیر کا وزیر اعلیٰ بننا چاہیے۔ اگر وہ جموں و کشمیر کو سکیڑنا چاہتے ہیں تو پھر وہ کنک منڈی اور رگھوناتھ بازار جیسے چند علاقوں کے میئر بننے سے آگے نہیں بڑھ سکتے۔”
وزیر اعلیٰ نے مزید کہا کہ رام بن، ڈوڈہ، کشتواڑ، راجوری، بنی، پونچھ اور ریاسی کے بڑے حصے کے عوام جموں کی علیحدگی کے حق میں نہیں ہیں اور وہ خطے کی تقسیم کے مطالبے کو مسترد کرتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ جموں کو ایک علیحدہ اکائی بنانا نہ صرف اسے بہت چھوٹا کر دے گا بلکہ یہ سیاسی طور پر بھی ناقابلِ عمل ہوگا۔
نیشنل کانفرنس کے کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے عمر عبداللہ نے کہا کہ جب تک پارٹی کا پرچم پورے خطے میں لہراتا رہے گا، کسی کو بھی جموں و کشمیر کو تقسیم کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔(کے این ٹی)





