امت نیوز ڈیسک //
ایک 13 سالہ افغان لڑکا کابل سے دہلی اس وقت پہنچ گیا جب وہ خفیہ طور پر ایک طیارے کے لینڈنگ گیر خانے میں چھپ گیا۔ حکام کے مطابق لڑکے نے یہ انتہائی خطرناک قدم محض ’’تجسس‘‘ کی وجہ سے اٹھایا۔ یہ واقعہ اتوار کی صبح پیش آیا اور اس کا انکشاف اس وقت ہوا جب طیارہ اندرا گاندھی انٹرنیشنل (آئی جی آئی) ایئرپورٹ دہلی میں اترا۔
سرکاری ذرائع کے مطابق لڑکا کابل ایئرپورٹ کے ممنوعہ علاقے میں داخل ہونے میں کامیاب ہوا اور کام ایئر کی پرواز RQ-4401 کے پچھلے مرکزی لینڈنگ گیر کمپارٹمنٹ میں چھپ گیا۔ یہ پرواز کابل سے اڑان بھرنے کے بعد تقریباً دو گھنٹے کے سفر کے بعد صبح 11 بجے دہلی پہنچی۔
ایئر لائن کے عملے نے طیارہ اترنے کے بعد ایک نو عمر لڑکے کو رن وے کے قریب گھومتے دیکھا تو فوراً ایئرپورٹ سیکیورٹی کو اطلاع دی گئی۔
یہ لڑکا شمالی افغانستان کے شہر قندوز کا رہائشی بتایا جاتا ہے۔ ایئرلائن عملے نے اسے پکڑ کر سینٹرل انڈسٹریل سیکیورٹی فورس کے حوالے کر دیا، جس کے بعد اسے پوچھ گچھ کے لیے ٹرمینل 3 منتقل کیا گیا۔
ابتدائی تفتیش کے دوران لڑکے نے دعویٰ کیا کہ وہ صرف تجسس کی وجہ سے طیارے میں گھس گیا تھا اور اسے اس خطرے کا اندازہ نہیں تھا، پی ٹی آئی کی رپورٹ میں کہا گیا۔ حکام کے مطابق اسے اتوار دوپہر تقریباً 12:30 بجے اسی طیارے کے ذریعے واپس افغانستان بھیج دیا گیا۔
کام ایئر کی سیکیورٹی ٹیم نے لینڈنگ گیر کمپارٹمنٹ کی مکمل تلاشی لی جس دوران ایک چھوٹا سرخ اسپیکر بھی برآمد ہوا جو غالباً اسی لڑکے کا تھا۔ مکمل جانچ اور اینٹی سبوتاژ اقدامات کے بعد طیارے کو محفوظ قرار دیا گیا۔









