امت نیوز ڈیسک //
سوپور، 20 اکتوبر : پیر کی شام سوپور کے چنار کراسنگ کے قریب واقع ’چنگی‘ پر ڈیوٹی انجام دے رہے دو افراد ایک تیز رفتار گاڑی کی ٹکر سے ہلاک ہو گئے۔
اطلاعات کے مطابق، دونوں اہلکار چنگی (انٹری پوائنٹ) پر گاڑیوں کی جانچ کے لیے تعینات تھے کہ اچانک ایک تیز رفتار گاڑی (نمبر JK02BW-2197) نے انہیں ٹکر مار دی۔
دونوں زخمیوں کو فوری طور پر سب ڈسٹرکٹ اسپتال سوپور منتقل کیا گیا جہاں 29 سالہ بلال احمد ولد وزیر احمد ساکن سیدپورہ کو ڈاکٹروں نے مردہ قرار دیا۔ دوسرے زخمی، 25 سالہ شاہد ہلال ولد ہلال احمد شاہ ساکن ندیہال رفیع آباد کو مزید علاج کے لیے سکمز صورہ منتقل کیا گیا، تاہم وہ بھی زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ بیٹھا۔
پولیس نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے ایف آئی آر نمبر 233/2025 کے تحت سوپور پولیس اسٹیشن میں مقدمہ درج کر کے تفتیش شروع کر دی ہے۔ پولیس کے ایک اہلکار نے جی این ایس کو بتایا کہ حادثے میں ملوث گاڑی کے ڈرائیور کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔ (جی این ایس)










