امت نیوز ڈیسک //
جموں: چار سال کے وقفے کے بعد آخرکار آج جموں میں دربار کھل گیا۔ سال 2021 میں لیفٹیننٹ گورنر کی جانب سے دربار موو کی روایت پر روک لگائے جانے کے بعد ایسا پہلی بار ہوا۔ اس موقعے پر وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ نے یہاں سول سیکرٹریٹ میں گارڈ آف آنر لیا۔
عمر عبد اللہ کے ساتھ ان کے والد اور نیشنل کانفرنس کے صدر فاروق عبداللہ، ان کی کابینہ کے ساتھیوں، چیف سکریٹری اور سول سکریٹریٹ کے تمام ملازمین نے ان کا استقبال کیا۔
سول سیکرٹریٹ پہنچنے کے بعد وزیر اعلیٰ عمر پوڈیم پر گئے جہاں جموں و کشمیر پولیس اور پولیس بینڈ کے دستے نے ان کا استقبال کیا۔ انہوں نے گارڈ آف آنر کا معائنہ کیا۔
ملازمین نے وزیراعلیٰ کا گلدستوں سے استقبال کیا
سال 2021 میں ایل جی منوج سنہا نے جموں و کشمیر میں دربار موو کی روایت کو مہنگا اور سرکاری خزانے پر بوجھ قرار دیتے ہوئے روک لگا دی تھی۔ لیکن یہ اقدام لوگوں خاص طور پر جموں کے تاجروں کو راس نہیں آیا، کے ساتھ، جنہیں دربار موو کی بندش کے برسوں میں نقصانات کا سامنا کرنا پڑا۔ نیشنل کانفرنس نے انتخابی مہم کے دوران اور اپنے منشور میں بھی دربار موو کی روایت کو بحال کرنے کا عہد کیا تھا، جسے آج انہوں نے پورا کر دیا۔
سول سیکرٹریٹ پہنچنے سے پہلے عمر عبداللہ نے ریزیڈنسی روڈ پر واقع شہیدی چوک سے پیدل سفر کیا جو ان کی سرکاری رہائش گاہ سے چند میٹر کے فاصلے پر ہے۔ وہ رگھوناتھ بازار سے ہوتے ہوئے شالیمار چوک تک پہنچے جہاں تاجروں نے ان کا استقبال کیا اور دربار موو کو بحال کرنے پر انہیں پھولوں کے ہار پہنائے۔ رگھوناتھ بازار کے کاروباری اس روایت کو بحال کرنے کے لیے مسلسل آواز اٹھا رہے تھے کیونکہ ان کا کاروبار سردیوں میں کشمیر سے آنے والے لوگوں پر منحصر تھا۔
اس موقعے پر موجود فاروق عبداللہ نے اس اقدام کا خیر مقدم کیا اور کہا کہ ’’یہ ان طاقتوں کو جواب ہے جو جموں و کشمیر کو تقسیم کرنا چاہتی ہیں۔‘‘ فاروق عبداللہ نے منتخب حکومت کی فائلوں کو روکنے پر ایل جی منوج سنہا کو بھی تنقید کا نشانہ بنایا اور کہا کہ "ایل جی ہر فائل کو روک رہے ہیں جس کی وجہ سے لوگوں کی فلاح و بہبود کے کام پھنس رہے ہیں، لیکن وہ اسی طرح حکومت کو نہیں روک سکتے۔”









