امت نیوز ڈیسک //
جموں، 12 فروری : نیشنل کانفرنس کے رکنِ اسمبلی تنویر صادق نے جمعرات کے روز ایم ایل اے مہراج ملک کی مسلسل حراست کو ضلع ڈوڈہ کے عوام کے ساتھ ناانصافی قرار دیتے ہوئے کہا کہ ایک منتخب نمائندے کو اسمبلی سے دور رکھنا درست نہیں ہے۔
قانون ساز اسمبلی کے باہر نامہ نگاروں سے گفتگو کرتے ہوئے تنویر صادق نے کہا کہ ڈوڈہ کے عوام نے اپنے نمائندے کو منتخب کیا ہے اور ان کی مسلسل حراست حلقے کی نمائندگی سے محرومی کے مترادف ہے۔ انہوں نے کہا کہ وقت آ گیا ہے کہ ایم ایل اے کو رہا کیا جائے تاکہ وہ اپنے قانون ساز فرائض انجام دے سکیں۔
ڈیلی ویجرز (یومیہ اجرت پر کام کرنے والے ملازمین) کے مسئلے پر بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ان کی مستقلی مرحلہ وار طریقے سے عمل میں لائی جائے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ پہلے ہی اس مسئلے کو حل کرنے کا وعدہ کر چکے ہیں اور حکومت اس یقین دہانی کو پورا کرنے کے لیے پرعزم ہے۔
ریزرویشن کے معاملے کا ذکر کرتے ہوئے تنویر صادق نے کہا کہ متعلقہ فائل اس وقت وزارتِ داخلہ کے پاس زیر التوا ہے۔ انہوں نے قائدِ حزبِ اختلاف سنیل شرما سے مطالبہ کیا کہ اگر کوئی فائل رکی نہیں ہے تو وہ ریزرویشن سے متعلق فائل کو وزارتِ داخلہ اور لیفٹیننٹ گورنر کے دفتر سے واپس لائیں۔
انہوں نے کہا، ’’اگر وہ فائل واپس لانے میں کامیاب ہو جاتے ہیں تو ہم دیکھیں گے کہ وہ طلبہ کے کتنے بڑے خیر خواہ ہیں۔‘‘






