امت نیوز ڈیسک //
سرینگر، 26 فروری: جموں و کشمیر کے گرینڈ مفتی مفتی ناصر الاسلام نے اعلان کیا ہے کہ سال 2026 کے لیے صدقۃ الفطر کی رقم 80 روپے فی کس مقرر کی گئی ہے۔ انہوں نے مسلمانوں سے اپیل کی کہ وہ عیدالفطر کی نماز سے پہلے یہ واجب صدقہ ادا کریں۔
نیوز ایجنسی کے این او سے گفتگو کرتے ہوئے گرینڈ مفتی نے کہا کہ زکوٰۃ الفطر ہر مسلمان پر لازم ہے، خواہ وہ مرد ہو یا عورت، حتیٰ کہ شیرخوار بچوں کی طرف سے بھی صدقہ ادا کیا جائے گا۔ نابالغ بچوں کی جانب سے والدین ادائیگی کے ذمہ دار ہوں گے، جبکہ بالغ اولاد خود اپنی طرف سے ادا کرے گی۔ انہوں نے وضاحت کی کہ شوہر بیوی کی اجازت کے بغیر اس کی جانب سے صدقۃ الفطر ادا نہیں کر سکتا۔
مفتی ناصر الاسلام نے بتایا کہ یہ رقم نصف صاع گندم کی قیمت کی بنیاد پر مقرر کی گئی ہے، جس کی مالیت 77 روپے بنتی ہے اور احتیاطاً اسے 80 روپے مقرر کیا گیا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ صاحبِ حیثیت افراد مقررہ رقم کے بجائے گندم، کھجور، کشمش یا دیگر مستند اشیائے خورد و نوش کی صورت میں بھی صدقۃ الفطر ادا کر سکتے ہیں۔
گرینڈ مفتی نے ہدایت دی کہ یہ صدقہ مقامی طور پر مستحقین، نادار افراد، ضرورت مند رشتہ داروں، یتیموں اور مسافروں میں تقسیم کیا جائے، جبکہ اسے مساجد، خانقاہوں یا کسی سیاسی و مذہبی تنظیم کو نہ دیا جائے۔





