امت نیوز ڈیسک //
جموں، 4 اپریل: جموں و کشمیر کی قانون ساز اسمبلی کا بجٹ اجلاس ہفتہ کے روز اختتام پذیر ہو گیا اور ایوان کو غیر معینہ مدت (سائن ڈائی) کے لیے ملتوی کر دیا گیا۔
اسمبلی کے اسپیکر عبدالرحیم رادر نے بتایا کہ یہ اجلاس دو مرحلوں پر مشتمل تھا، جس کا آغاز 2 فروری کو جموں میں ہوا اور 20 فروری تک جاری رہا۔ بعد ازاں رمضان اور عید کے وقفے کے بعد 27 مارچ کو اجلاس دوبارہ شروع ہوا اور 4 اپریل کو اختتام پذیر ہوا۔
اسپیکر کے مطابق اجلاس کے دوران کل 22 نشستیں ہوئیں اور ایوان نے مجموعی طور پر 11 گھنٹے 36 منٹ کام کیا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کی جانب سے 8 بل پیش کیے گئے اور تمام منظور کر لیے گئے۔
انہوں نے مزید بتایا کہ نجی اراکین کی جانب سے 39 بل موصول ہوئے، جن میں سے 36 کو منظور کیا گیا جبکہ 3 مسترد کیے گئے، اور 2 بل ایوان میں پیش کیے گئے۔ سوالات کے حوالے سے 1379 سوالات درج ہوئے جن میں سے کچھ مسترد یا واپس لیے گئے۔
قراردادوں کے بارے میں انہوں نے کہا کہ 138 قراردادیں موصول ہوئیں، جن میں سے 27 مسترد، 14 فہرست میں شامل اور 4 زیر غور آئیں، جبکہ 2 پر تفصیلی بحث ہوئی۔
اسپیکر نے اجلاس کے کامیاب انعقاد پر اراکین اسمبلی، وزراء، وزیر اعلیٰ، چیف سیکریٹری، سرکاری حکام، میڈیا، پولیس اور اسمبلی عملے کا شکریہ ادا کیا جنہوں نے کارروائی کو خوش اسلوبی سے مکمل کرنے میں اہم کردار ادا کیا۔






