امت نیوز ڈیسک //
واشنگٹن، 7 اپریل: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران کے حوالے سے ایک نیا اور انتہائی سخت بیان جاری کیا ہے، جس کے بعد عالمی سطح پر تشویش میں اضافہ ہوگیا ہے۔
ٹرمپ نے اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ٹروتھ سوشل پر جاری بیان میں خبردار کیا کہ اگر ایران نے آبنائے ہرمز کو کھولنے سے متعلق دی گئی ڈیڈ لائن پر عمل نہ کیا تو سنگین نتائج سامنے آ سکتے ہیں۔ انہوں نے یہاں تک کہا کہ “آج رات ایک پوری تہذیب ختم ہو سکتی ہے”، جس سے ممکنہ بڑے تصادم کے خدشات بڑھ گئے ہیں۔
انہوں نے اپنے بیان میں ایران میں ممکنہ “رجیم چینج” کا بھی اشارہ دیا اور کہا کہ اگر کم شدت پسند اور زیادہ سمجھدار قیادت سامنے آئے تو حالات بہتر ہو سکتے ہیں۔
ٹرمپ نے اس موقع کو دنیا کی تاریخ کے اہم ترین لمحات میں سے ایک قرار دیتے ہوئے کہا کہ گزشتہ 47 برسوں سے جاری بدعنوانی، دباؤ اور تشدد کا خاتمہ ممکن ہے۔
ٹرمپ کے اس بیان کے بعد عالمی مبصرین نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ اس طرح کی سخت زبان خطے میں کشیدگی کو مزید بڑھا سکتی ہے اور حالات کو خطرناک رخ دے سکتی ہے۔






