امت نیوز ڈیسک //
جموں : سرینگر اور کٹرہ کے درمیان وندے بھارت ٹرین سروس شروع ہونے کے تقریباً 10 ماہ بعد، اب اس سروس کو 30 اپریل سے جموں تک توسیع دی جا رہا ہے۔ ریلوے کے مرکزی وزیر اشونی ویشنو اس ٹرین سروس کا اس ماہ کے آخر میں افتتاح کریں گے۔ اس موقع پر جموں و کشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا، وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ، وزیر مملکت ڈاکٹر جتیندر سنگھ اور دیگر اعلیٰ شخصیات بھی موجود ہوں گی۔
ریلوے حکام نے ای ٹی وی بھارت کو بتایا کہ اس تاریخی تقریب کی تیاریاں شروع ہو چکی ہیں اور اس حوالے سے باضابطہ طور حکمنامہ ایک دو دن میں جاری ہوگا۔ تقریب جموں میں ہوگی جہاں سے وندے بھارت ٹرین کو کٹرہ کے راستے سرینگر کے لیے روانہ کیا جائے گا۔ فی الحال یہ ٹرین کٹرہ اور سرینگر کے درمیان ہی چل رہی ہے۔
یہ فیصلہ ریلوے بورڈ نے کیا ہے تاکہ ٹرین سروس کو جموں تک بڑھایا جا سکے، کیونکہ جموں – توی ریلوے اسٹیشن کی توسیع جاری ہے اور پلیٹ فارمز کی تعداد تین سے بڑھا کر سات کی جا رہی ہے۔ اس سے دونوں دارالحکومتوں – سرینگر اور جموں – کے درمیان ہر موسم میں رابطہ ممکن ہوگا۔
اس سے پہلے فروری میں یکم مارچ سے توسیع کا اعلان کیا گیا تھا، مگر چند گھنٹوں بعد ہی وہ حکم واپس لے لیا گیا تھا۔ اس بار ناردرن ریلوے مکمل احتیاط کے ساتھ حکومت ہند سے منظوری کے بعد ہی باضابطہ اعلان کرے گی۔
ریلوے حکام کے مطابق یہ ایک بڑا اور تاریخی موقع ہے، جس کی تیاریاں آخری مراحل میں ہیں۔ ٹرین کے ڈبوں کی تعداد بھی آٹھ سے بڑھا کر 20 کی جا رہی ہے، جس سے مسافروں کی تعداد بھی بڑھے گی۔ شیڈول کے مطابق ٹرین صبح 6:15 بجے جموں سے روانہ ہو کر 11:10 بجے سرینگر پہنچے گی، جبکہ واپسی پر سرینگر سے دوپہر 2 بجے روانہ ہو کر شام 6:50 بجے جموں پہنچے گی۔
وندے بھارت ٹرین سروس کا آغاز گزشتہ سال 6 جون کو وزیر اعظم نریندر مودی نے کیا تھا، جس سے کشمیر کو ہر موسم میں ریلوے رابطہ فراہم ہوا اور ایک صدی سے بھی زائد قدیم خواب تشنہ تکمیل کو پہنچا۔ یہ ٹرین گزشتہ سال سیلاب اور رواں برس برفباری کی وجہ سے شاہراہ کی بندش کے دوران اہم ثابت ہوئی۔
یہ کشمیر کے لیے ایک تاریخی قدم تھا کیونکہ برسوں پرانا خواب پورا ہوا۔ جموں تک وندے بھارت کی توسیع سے لوگوں کو ملک کے دیگر حصوں تک آسانی سے سفر کرنے کا موقع ملے گا۔






