امت نیوز ڈیسک //
سری نگر، 10 مئی: ایل جی منوج سنہا نے آج آرمڈ پولیس کمپلیکس زیون میں منعقدہ ایک پروقار تقریب کے دوران جموں و کشمیر پولیس کے نئے بھرتی ہونے والے کانسٹیبلز میں تقرری نامے تقسیم کیے۔
اطلاعات کے مطابق قریب 4000 نوجوانوں کا انتخاب جموں و کشمیر سروس سلیکشن بورڈ کی جانب سے شفاف اور میرٹ کی بنیاد پر مکمل کیا گیا۔ لیفٹیننٹ گورنر نے تمام منتخب امیدواروں کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ جموں و کشمیر پولیس میں شمولیت صرف ایک ملازمت نہیں بلکہ قربانی، فرض شناسی اور قومی خدمت کی عظیم روایت کو آگے بڑھانے کی ذمہ داری ہے۔
انہوں نے کہا کہ جموں و کشمیر پولیس نے امن و امان کی بحالی اور انسدادِ دہشت گردی کارروائیوں میں نمایاں کردار ادا کیا ہے اور عوام کا اعتماد حاصل کیا ہے۔
اپنے خطاب میں انہوں نے جدید دور کے چیلنجز جیسے سائبر کرائم، نارکو ٹیررزم، ڈیجیٹل فراڈ اور آن لائن پروپیگنڈے کا ذکر کرتے ہوئے پولیس فورس میں مصنوعی ذہانت اور جدید ٹیکنالوجی کے استعمال پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ دور میں جرائم اور دہشت گردی کے طریقے بدل رہے ہیں، اس لیے پولیس کو بھی جدید تقاضوں کے مطابق تیار رہنا ہوگا۔
تقریب میں چیف سیکریٹری اٹل ڈلوں، ڈی جی پی نلین پربھات ، سینئر پولیس و سول افسران اور نئے بھرتی ہونے والے اہلکاروں کے اہل خانہ بھی موجود تھے۔





