امت نیوز ڈیسک //
سری نگر، 14 جون: جموں و کشمیر کے ڈائریکٹر جنرل آف پولیس نلین پربھات نے پولیس کنٹرول روم کشمیر میں ایک اعلیٰ سطحی سکیورٹی جائزہ اجلاس کی صدارت کی، جس میں شری امرناتھ جی یاترا 2026 کے پُرامن، محفوظ اور کامیاب انعقاد کے لیے کیے گئے انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
اجلاس میں پولیس اور سکیورٹی کے اعلیٰ افسران نے شرکت کی۔ ڈی جی پی نے تمام افسران کو ہدایت دی کہ وہ مکمل چوکسی برقرار رکھیں اور تمام سطحوں پر باہمی رابطہ مضبوط بنائیں۔ انہوں نے حساس اور کمزور مقامات پر نگرانی مزید سخت کرنے پر زور دیا۔
نلین پربھات نے یاترا روٹس، ریلوے ٹریکس، حساس علاقوں اور اہم سیاحتی مقامات پر مسلسل گشت، سرچ آپریشنز ، اور روزانہ اینٹی سبوتاژ چیکنگ کی ہدایت دی۔ انہوں نے کہا کہ یاترا کے تمام راستوں پر چوبیس گھنٹے سکیورٹی نگرانی یقینی بنائی جائے۔
ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے اسٹریٹجک مقامات پر کوئیک ریسپانس ٹیموں کی تعیناتی کا بھی حکم دیا گیا۔ ڈی جی پی نے یاتریوں کو کٹ آف ٹائمنگ سے آگاہ کرنے کے لیے وسیع تشہیری مہم چلانے اور سکیورٹی و سہولیات کے باقاعدہ معائنے کی ہدایت دی۔
انہوں نے جدید سکیورٹی ٹیکنالوجی، سی سی ٹی وی نیٹ ورک اور پر مبنی ٹریکنگ سسٹم کے مؤثر استعمال پر زور دیتے ہوئے کہا کہ ان اقدامات سے یاتریوں اور مجاز گاڑیوں کی نگرانی اور ہنگامی ردعمل کی صلاحیت میں اضافہ ہوگا۔
ڈی جی پی نے دہشت گردوں کے معاونین اور ملک دشمن عناصر پر کڑی نظر رکھنے کی ہدایت دیتے ہوئے حساس تنصیبات اور یاترا سے وابستہ اہم مقامات کی حفاظت کو یقینی بنانے پر زور دیا۔ انہوں نے ضلعی ایس ایس پیز کو سول انتظامیہ کے ساتھ قریبی رابطہ رکھنے اور قومی شاہراہ سمیت اہم مقامات پر مناسب نفری تعینات کرنے کی ہدایت بھی دی۔
اجلاس میں قدرتی آفات، آتشزدگی، خراب موسمی حالات اور دیگر غیر متوقع صورتحال سے نمٹنے کے لیے جامع ہنگامی منصوبہ بندی پر بھی زور دیا گیا۔
اس موقع پر ڈی جی پی نے محرم الحرام اور سالانہ میلہ کھیر بھوانی کے سکیورٹی انتظامات کا بھی جائزہ لیا اور متعلقہ اداروں کے ساتھ مکمل ہم آہنگی کے ذریعے ان تقریبات کے پُرامن انعقاد کو یقینی بنانے کی ہدایت دی۔
اجلاس کے اختتام پر نلین پربھات نے تمام افسران کو امرناتھ یاترا 2026 کے محفوظ، پُرامن اور کامیاب انعقاد کے لیے مکمل تیاری اور ذمہ داری کے ساتھ فرائض انجام دینے کی ہدایت دی۔





