امت نیوز ڈیسک //
سری نگر، 20 جون: جموں و کشمیر کی وزیر صحت و طبی تعلیم ساکینہ ایتو نے کہا ہے کہ گورنمنٹ میڈیکل کالج (جی ایم سی) اننت ناگ کے شعبۂ امراضِ قلب میں مبینہ بے ضابطگیوں کے معاملے کی تحقیقات پہلے ہی شروع کی جا چکی ہیں اور متعلقہ ڈاکٹر کو انکوائری مکمل ہونے تک معطل کر دیا گیا ہے۔
میڈیا سے بات کرتے ہوئے وزیر صحت نے کہا کہ محکمہ نے معاملے کی جانچ کا عمل شروع کر دیا ہے اور اب حتمی رپورٹ کا انتظار کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ تحقیقات مکمل ہونے سے قبل کسی نتیجے پر پہنچنا مناسب نہیں ہوگا۔
ساکینہ ایتو نے کہا، ’’ہم رپورٹ کا انتظار کر رہے ہیں، اور جو بھی قصوروار پایا گیا اس کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی کی جائے گی۔‘‘
ادھر محکمہ صحت و طبی تعلیم نے سرکاری حکم نامہ جاری کرتے ہوئے ڈاکٹر سید مقبول احمد شاہ، ایسوسی ایٹ پروفیسر شعبۂ امراضِ قلب، جی ایم سی اننت ناگ، کو فوری طور پر معطل کر دیا ہے۔
حکم نامے کے مطابق یہ معطلی جموں و کشمیر سول سروسز (کلاسیفکیشن، کنٹرول اینڈ اپیل) رولز 1956 کے رول 31 کے تحت عمل میں لائی گئی ہے۔ معطلی کے دوران ڈاکٹر شاہ کو جی ایم سی جموں کے دفتر سے منسلک رکھا جائے گا۔
جی ایم سی اننت ناگ کے شعبۂ امراضِ قلب سے متعلق الزامات پر عوامی حلقوں، مریضوں اور سول سوسائٹی کی جانب سے تشویش کا اظہار کیا جا رہا ہے اور شفاف و غیر جانبدار تحقیقات کا مطالبہ کیا جا رہا ہے۔
حکومت نے یقین دلایا ہے کہ تحقیقات مکمل ہونے کے بعد ذمہ دار افراد کے خلاف سخت قانونی اور محکمانہ کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔






