امت نیوز ڈیسک //
سری نگر، 20 جون: مرکزی داخلہ سکریٹری گووند موہن آج سری نگر پہنچ کر پولیس ہیڈکوارٹر (پی ایچ کیو) میں ایک اعلیٰ سطحی سکیورٹی جائزہ اجلاس کی صدارت کریں گے۔ اجلاس میں آئندہ شری امرناتھ جی یاترا کے لیے کیے گئے سکیورٹی انتظامات اور جموں و کشمیر کی مجموعی امن و امان کی صورتحال کا تفصیلی جائزہ لیا جائے گا۔
اجلاس میں انٹیلی جنس بیورو (آئی بی) کے ڈائریکٹر، شمالی کمان کے جنرل آفیسر کمانڈنگ (جی او سی)، جموں و کشمیر کے ڈائریکٹر جنرل پولیس (ڈی جی پی)، 15 اور 16 کور کے جی او سیز، سی آر پی ایف کے ڈائریکٹر جنرل، بی ایس ایف، ایس ایس بی، سی آئی ڈی اور دیگر نیم فوجی دستوں کے سینئر افسران شرکت کریں گے۔
ذرائع کے مطابق اجلاس میں امرناتھ یاترا کے دوران سکیورٹی کے کثیر سطحی نظام، انٹیلی جنس اداروں کے درمیان تال میل، فورسز کی تعیناتی، جدید ٹیکنالوجی کے استعمال اور لاجسٹک تیاریوں کا جائزہ لیا جائے گا۔
سالانہ امرناتھ یاترا 3 جولائی 2026 سے شروع ہو کر 28 اگست 2026 تک جاری رہے گی۔ اجلاس میں پہلگام اور بالتل دونوں راستوں، نیز ننون اور بالتل بیس کیمپوں پر سکیورٹی کو مزید مضبوط بنانے کے اقدامات پر غور کیا جائے گا۔
حکام کے مطابق روٹ سینیٹائزیشن، حساس مقامات کی نگرانی، یاتریوں کی رجسٹریشن اور اسکریننگ کے نظام، ڈرون نگرانی اور ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کی تیاریوں پر خصوصی توجہ دی جائے گی تاکہ یاترا پرامن اور محفوظ طریقے سے مکمل ہو سکے۔






