امت نیوز ڈیسک //
سری نگر، 21 جون: جموں و کشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر نے بین الاقوامی یومِ یوگا کے موقع پر عوام کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ اس سال کا موضوع ’’صحت مند بڑھاپے کے لیے یوگا‘‘ نہایت اہمیت کا حامل ہے۔
انہوں نے کہا کہ بڑھتے ہوئے ذہنی دباؤ اور جدید دور کے صحت سے متعلق چیلنجز کے درمیان یوگا امید کی ایک روشن کرن ہے اور مجموعی فلاح و بہبود کا مؤثر ذریعہ ثابت ہو سکتا ہے۔ انہوں نے عوام پر زور دیا کہ وہ یوگا کو اپنی روزمرہ زندگی کا حصہ بنائیں اور صحت مند طرزِ زندگی اپنانے کا عہد کریں۔
منوج سنہا نے کہا کہ حقیقی صحت جسم، ذہن اور جذبات کے درمیان توازن قائم رکھنے میں ہے۔ ان کے مطابق آج کی مصروف زندگی، اسکرینوں اور ذہنی دباؤ نے انسان کی توجہ بیرونی عوامل کی طرف مرکوز کر دی ہے، جبکہ یوگا انسان کو اپنے باطن کی طرف متوجہ ہونے کا درس دیتا ہے۔
لیفٹیننٹ گورنر نے بھارت کی قدیم تہذیبی وراثت پر فخر کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یوگا، جو ہندوستان کی ایک قدیم روایت ہے، آج عالمی سطح پر صحت اور تندرستی کے ایک اہم ستون کے طور پر ابھر کر سامنے آیا ہے۔
انہوں نے بین الاقوامی یومِ یوگا کی تقریبات میں جموں و کشمیر بھر کے لوگوں کی بھرپور شرکت کو سراہتے ہوئے کہا کہ یوگا لوگوں کو سرحدوں اور اختلافات سے بالاتر ہو کر جوڑنے کی صلاحیت رکھتا ہے اور ایک صحت مند اور خوشحال مستقبل کی جانب رہنمائی کرتا ہے۔
اس موقع پر لیفٹیننٹ گورنر نے میں شہریوں کے ساتھ یوگا پروگرام میں شرکت کی۔ انہوں نے کہا کہ عوام کی بڑی تعداد میں شرکت اس بات کا ثبوت ہے کہ لوگوں میں یوگا کے جسمانی، ذہنی اور جذباتی فوائد کے بارے میں بیداری میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے۔






