امت نیوز ڈیسک //
جموں: جموں و کشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر اور شری امرناتھ شرائن بورڈ کے چیئرمین منوج سنہا نے جمعرات کی صبح جموں کے بھگوتی نگر یاتری نواس کیمپ سے امرناتھ یاترا 2026 کے پہلے قافلے کو جھنڈی دکھا کر روانہ کیا۔
پہلے قافلے میں شامل ہزاروں یاتری سخت سکیورٹی انتظامات کے درمیان پہلگام اور بالتل کے راستوں سے وادیٔ کشمیر کی جانب روانہ ہوئے، جہاں سے وہ ‘بابا برفانی’ کے نام سے مشہور شیو لنگ کے درشن کے لیے اپنے سفر کا آغاز کریں گے۔
انتظامیہ نے یاتریوں کی حفاظت، قیام و طعام، صحت، ٹرانسپورٹ اور دیگر بنیادی سہولیات کے لیے وسیع تر انتظامات کیے ہیں۔ اس موقعے پر لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے یاتریوں کو نیک خواہشات پیش کرتے ہوئے کہا کہ انتظامیہ نے یاترا کو پرامن و محفوظ بنانے اور خوش اسلوبی سے مکمل کرانے کے لیے تمام ضروری انتظامات کیے ہیں۔
انہوں نے ملک بھر سے آنے والے عقیدت مندوں کے لیے کامیاب اور روحانی طور پر بابرکت یاترا کی دعا بھی کی۔ 57 روزہ امرناتھ یاترا کے دوران یاتری جنوبی کشمیر کے روایتی پہلگام راستے اور وسطی کشمیر کے بالتل راستے سے مقدس امرناتھ غار تک پہنچیں گے، جب کہ یاترا 28 اگست کو رکشا بندھن کے موقع پر اختتام پذیر ہوگی اور مجموعی طور پر 57 دنوں پر محیط ہوگی۔





