امت نیوز ڈیسک //
سرینگر: جنوبی کشمیر کے ضلع شوپیاں کے چھانہ پورہ علاقے میں جاری انسدادِ ملی ٹینسی آپریشن کے دوران تازہ جھڑپ میں لشکرِ طیبہ سے وابستہ سرکردہ ملی ٹینٹ ذاکر گنائی مارا گیا، جبکہ حکام کے مطابق ایک اور ملی ٹینٹ کے محاصرے میں ہونے کا شبہ ہے۔
پولیس کے مطابق بدھ کی صبح سکیورٹی فورسز نے آپریشن کے علاقے میں مشتبہ نقل و حرکت دیکھی، جس کے بعد فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔
کارروائی کے بعد ذاکر کی لاش برآمد کی گئی، جبکہ موقع سے اسلحہ، گولہ بارود اور دیگر سامان بھی ضبط کیا گیا۔
جموں و کشمیر پولیس نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر بتایا کہ یہ کارروائی اسپیشل آپریشنز گروپ (SOG)، فوج کی راشٹریہ رائفلز (RR) اور سی آر پی ایف کی مشترکہ کارروائی میں انجام دی گئی۔
حکام کے مطابق آپریشن پانچویں روز بھی جاری ہے اور پورے علاقے کا محاصرہ برقرار رکھتے ہوئے تلاشی کا عمل مزید تیز کر دیا گیا ہے۔ مزید تفصیلات آپریشن مکمل ہونے کے بعد جاری کی جائیں گی۔






