امت نیوز ڈیسک //
بی جے پی کے سینئر رہنما اور قائدِ حزبِ اختلاف سنیل شرما نے کہا ہے کہ پارٹی نیشنل کانفرنس کے ریاستی درجے کی بحالی کے لیے جنتر منتر پر مجوزہ احتجاج میں شریک نہیں ہوگی۔ انہوں نے اس احتجاج کو "محض دکھاوا” قرار دیتے ہوئے کہا کہ حکومت عوامی مسائل سے توجہ ہٹانے کی کوشش کر رہی ہے۔
سرینگر میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے حکومت کی آؤٹ سورسنگ پالیسی کو "تقرریوں کا گھوٹالہ” قرار دیا اور مطالبہ کیا کہ اسے فوری طور پر واپس لیا جائے، بصورتِ دیگر بی جے پی احتجاجی تحریک شروع کرے گی۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ حکومت اپنے انتخابی وعدے، جن میں مفت بجلی، مفت راشن، روزگار اور مفت ایل پی جی سلنڈر شامل تھے، پورے کرنے میں ناکام رہی ہے۔
سنیل شرما نے کہا کہ ریاستی درجے کی بحالی بی جے پی کا وعدہ ہے، لیکن یہ پارلیمنٹ کے ذریعے ہوگی، نہ کہ احتجاجی مظاہروں کے ذریعے۔ انہوں نے مختلف سرکاری محکموں میں بدعنوانی کے الزامات کی بھی تحقیقات کا مطالبہ کیا۔




