امت نیوز ڈیسک //
جموں و کشمیر کے ضلع راجوری میں مسلسل رات بھر ہونے والی شدید بارش کے باعث اچانک سیلاب آ گیا، جس سے شہر کے نشیبی علاقے زیرِ آب آ گئے اور سینکڑوں افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل کرنا پڑا۔
حکام کے مطابق درہالی، کھنڈلی، سکھتوہ اور جمولا سمیت تمام بڑے ندی نالوں میں طغیانی آ گئی، جبکہ درہالی ندی حفاظتی بند توڑ کر نئے بس اڈے میں داخل ہو گئی، جہاں درجنوں گاڑیاں بہہ گئیں یا پانی میں ڈوب گئیں۔
عبداللہ پل اور طارق پل کے اطراف متعدد رہائشی علاقوں میں بھی سیلابی پانی داخل ہو گیا، جس کے باعث 50 سے زائد خاندانوں کو اپنے گھر چھوڑنے پڑے۔ پولیس، ریسکیو ٹیمیں اور ضلعی انتظامیہ امدادی کارروائیوں میں مصروف ہیں۔
محکمۂ موسمیات نے 23 جولائی تک جموں و کشمیر میں درمیانی سے شدید بارشوں کی پیش گوئی کرتے ہوئے شہریوں کو احتیاط برتنے کی ہدایت کی ہے۔ راجوری کے رکنِ اسمبلی افتخار احمد نے متاثرہ علاقوں کا دورہ کرتے ہوئے فوری امداد اور بحالی کے اقدامات کا مطالبہ کیا۔






