امت نیوز ڈیسک //
سرینگر: پہاڑی علاقوں میں برف باری اور میدانی علاقوں میں بارشوں کے بیچ محکمہ موسمیات نے وادی کشمیر میں جمعرات کی شام سے موسم میں بتدریج بہتری واقع ہونے کی پیش گوئی کرتے ہوئے کہا کہ وادی میں اگلے دس روز تک موسم مجموعی طور پر خشک رہنے کا امکان ہے۔
متعلقہ محکمے کے ڈپٹی ڈائریکٹر مختار احمد نے میڈیا کے ساتھ بات کرتے ہوئے کہا کہ وادی میں جمعرات کی شام سے موسم میں بتدریج بہتری واقع ہوسکتی ہے۔انہوں نے کہا کہ بعد ازاں وادی میں اگلے دس روز کے دوران موسم مجموعی طور پر خشک رہنے کا امکان ہے۔ان کا کہنا ہے کہ اس دوران 26 اور27 اکتوبر کو مطلع ابر آلود رہ سکتا ہے لیکن بارشیں متوقع نہیں ہیں۔
موصوف ڈپٹی ڈائریکٹر نے کہا کہ وادی کے پہاڑی علاقوں میں برف باری ہونے سے صبح اور شام کے وقت سردی کی لہر میں اضافہ درج ہوسکتا ہے تاہم دن کے درجہ حرارت میں بتدریج اضافہ ہی ریکارڈ ہونے کا امکان ہے۔انہوں نے قومی شاہراہ پر سفر کرنے والے لوگوں سے اپیل کی کہ وہ ایسا کرنے سے پہلے متعلقہ حکام کے ساتھ رابطہ کریں اور اپنے ساتھ گرم لباس کو بھی انتظام رکھیں۔
بتادیں کہ محکمہ موسمیات نے وادی کشمیر میں جمعرات شام تک میدانی علاقوں میں بارشوں جب کہ پہاڑی علاقوں میں برفباری کی پیش گوئی کی تھی جس کے عین مطابق وادی کشمیر کے مختلف علاقوں میں بارشوں اور برف باری کا سلسلہ شروع ہوا۔
ضلع گاندربل کے معروف سیاحتی مقام سونہ مرگ زوجیلا پاس پر قریب چھ انچ برفباری درج کی گئی ہے، وہیں ضلع شوپیاں اور اس کے ملحقہ پہاڑی علاقوں میں دو سے چار انچ برفباری ریکارڈ کی گئی ہے۔ برفباری کے پیش نظر سرینگر – لداخ شاہراہ کو فی الحال احتیاطی طور پر بند کر دیا گیا ہے وہیں جنوبی کشمیر کو صوبہ جموں کے پونچھ اور راجوری اضلاع سے جوڑنے والی مغل شاہراہ کو بھی برفباری کے پیش نظر ٹریفک کی آمدو رفت کے لیے بند کر دیا گیا ہے۔










