امت نیوز ڈیسک //
سرینگر میں پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی نے انتظامیہ کی طرف سے پراپرٹی ٹیکس کے نفاذ کےخلاف احتجاج مارچ کیا۔
پی ڈی پی کے درجنوں کارکنوں نے تنظیم کے ترجمان اعلیٰ سہیل بخاری کی قیادت میں سرینگر میں پارٹی ہیڈکوارٹر سے احتجاجی ریلی نکالی۔ پارٹی کارکنوں نے پراپرٹی ٹیکس کے نفاذ کے خلاف نعرے لگائے اور اسے واپس لینے کا مطالبہ کیا۔ انہوں نے لال چوک کی طرف مارچ کرنے کی کوشش کی لیکن پولیس نے ٹریفک ہیڈ کوارٹر کے قریب انہیں روک دیا۔
سہیل بخار ی نے اس موقع پر ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے بات کرتے ہوئے کہا کہ جموں و کشمیر کی انتظامیہ یہاں کے لوگوں کو معاشی طور پر کمزور کرنے کی کوشش کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پہلے ہمارے سیاسی حقوق چھینے گئے، پھر یہاں جمہوریت کو دفن کیا گیا، انسداد تجاوزات مہم کے نام پر غریبوں کو تنگ اور ان کے گھروں کو بلڈوز کیا جارہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اب پراپرٹی ٹیکس کا حکمنامہ جاری کیا گیا۔
پی ڈی پی کے ترجمان اعلیٰ نے کہا کہ بی جے پی حکومت لوگوں کی مشکلات کو مزید بڑھانے کی کوشش کر رہی ہے۔ انہوں نے پراپرٹی ٹیکس کا حکمنامہ واپس لینے کا مطالبہ کیا۔










