امت نیوز ڈیسک //
سائبر پولیس کشمیر نے اتوار کو ایک ایڈوائزری جاری کرتے ہوئے خطہ میں سوشل میڈیا صارفین پر زور دیا کہ وہ ذمہ داری کا مظاہرہ کریں جس کا مقصد افواہوں، جعلی خبروں، نفرت انگیز تقاریر اور نامناسب مواد کے پھیلاؤ کی حوصلہ شکنی کرنا ہے۔
سائبر پولیس کشمیر کے ذریعہ جاری کردہ ایڈوائزری کے مطابق، "تمام سوشل میڈیا صارفین کو مشورہ دیا جاتا ہے کہ وہ سوشل میڈیا پلیٹ فارم کو ذمہ داری سے استعمال کریں اور افواہوں، جعلی خبروں، نفرت انگیز تقریر یا فحش، پرتشدد اور ہتک آمیز مواد کو شیئر کرنے سے گریز کریں۔” مزید برآں، سوشل میڈیا صارفین کو خبردار کیا جاتا ہے کہ وہ ملی ٹینٹ اور علیحدگی پسند نظریے اور جھوٹے بیانیے کے پرچار میں ملوث نہ ہوں۔
ایڈوائزری میں کہا گیا ہے کہ "حقیقی حقائق کی تصدیق کیے بغیر دوسرے صارفین سے موصول ہونے والے کسی بھی اشتعال انگیز مواد کی سرکولیشن سے گریز کیا جاسکتا ہے اور ایسی کسی بھی معلومات کو محسوس کرنے / موصول ہونے پر، دوسروں کے ساتھ شئیر کرنے کے بجائے، فوری طور پر سائبر پولیس کشمیر کو مطلع کریں۔ باخبر رہیں، ذمہ دار رہیں،”۔









