امت نیوز ڈیسک //
سری نگر، 11 فروری: ملی ٹینٹ سرگرمیوں میں ملوث پائے جانے کے بعد 154 سرکاری ملازمین کو ملازمت سے ہٹا دیا گیا۔ لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے یہاں کہا کہ ایسے لوگوں کے خلاف کارروائی جاری رہے گی۔
یہاں ای ٹی ناؤ گلوبل بزنس سمٹ 2024 سے خطاب کرتے ہوئے، انہوں نے کہا کہ 154 سرکاری ملازمین کو ملی ٹینسی کی سرگرمیوں میں ملوث پائے جانے کے بعد ملازمت سے ہٹا دیا گیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ ایسے لوگوں کے خلاف کارروائی جاری رہے گی۔
آرٹیکل 370 کو جموں و کشمیر میں ملی ٹنسی اور علیحدگی پسندی کے لیے ذمہ دار ٹھہراتے ہوئے، ایل جی نے سابقہ حکومتوں پر تنقید کی اور ان پر جموں و کشمیر کو انتشار کی طرف دھکیلنے کا الزام لگایا۔
سنہا نے کہا کہ پاکستان کے کہنے پر پتھراؤ اور حملے ماضی بن چکے ہیں، آج کی حقیقت یہ ہے کہ نوجوان ترنگے کو فخر سے تھامے ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وادی میں 30 سال بعد سنیما ہال دوبارہ کھولے گئے اور بازار اب ویران نظر نہیں آتے۔
انہوں نے کہا کہ جموں اور کشمیر میں تبدیلی کا سہرا وزیر اعظم نریندر مودی کو جاتا ہے، جس نے ایک بار ناممکن سمجھے جانے والے اہداف کو حاصل کیا، خاص طور پر آرٹیکل 370 کی منسوخی۔ پتھراؤ اور پاکستان کی حمایت یافتہ ہڑتالیں تاریخ ہیں، جس کے ساتھ یہ خطہ اب ہندوستان کے دیگر حصوں کی طرح ترقی کر رہا ہے، جس کا نائٹ لائف اور سنیما ہالز کی بحالی گواہ ہے۔
سنہا نے امن و امان کی بحالی کو ترجیح دیتے ہوئے پاکستان کے حامیوں کے خلاف اپنی انتظامیہ کے سخت موقف کی توثیق کی۔(کے این ایس)









