امت نیوز ڈیسک //
پونچھ، 31 مئی: پونچھ ضلع کے مرہہ بفلیاز علاقے میں کل عسکریت پسندوں اور سیکورٹی فورسز کے درمیان ایک مختصر فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔
عہدیداروں نے جی این ایس کو بتایا کہ جمعرات کی دیر رات سیکورٹی فورسز کو علاقے میں کچھ عسکریت پسندوں کی موجودگی کے بارے میں ایک مخصوص ان پٹ موصول ہوا۔
ڈی کے جی کے قریب مرہہ بفلیاز کے علاقے میں پولیس اور فوج نے سرچ آپریشن شروع کیا۔ انہوں نے بتایا کہ جب تلاشی پارٹی نے تلاشی کا عمل تیز کیا، تو چھپے ہوئے عسکریت پسندوں نے سیکورٹی فورسز پر فائرنگ کی، جس کے نتیجے میں مختصر فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔ فائرنگ کے مختصر تبادلے کے بعد جنگجو اندھیرے کا فائدہ اٹھاتے ہوئے موقع سے فرار ہوگئے۔
رپورٹ درج ہونے تک کسی جانی یا مالی نقصان کی اطلاع نہیں تھی۔ اس دوران فرار ہونے والے عسکریت پسندوں کی تلاش کے لیے بڑے پیمانے پر تلاشی مہم شروع کی گئی ہے۔(جی این ایس)









