امت نیوز ڈیسک //
اجمیر: مرکزی وزیر کرن رجیجو وزیر اعظم نریندر مودی ہفتہ کی جانب سے چادر لے کر اجمیر پہنچ چکے ہیں۔ آج پی ایم مودی کی یہ چادر حضرت خواجہ معین الدین حسن چشتیؒ کی درگاہ پر چڑھائی جائے گی۔ پی ایم نریندر مودی کی کی مدت کار میں اجمیر درگاہ پر یہ 11ویں چادر چڑھائی جائے گی۔ آپ کو بتا دیں کہ جمعرات کی شام پی ایم نریندر مودی نے مرکزی اقلیتی امور کے وزیر کرن رجیجو کو چادر سونپی تھی۔ چادر لے کر اجمیر پہنچنے والے وفد میں بی جے پی اقلیتی مورچہ کے قومی صدر جمال صدیقی بھی موجود ہیں۔
خواجہ غریب نواز کا 813 واں عرس بدھ سے شروع ہو چکا ہے۔ عرس کے موقعے پر درگاہ پر حاضری اور چادر چڑھانے کا سلسلہ بھی شروع ہو گیا ہے۔ خواجہ غریب نواز کی درگاہ پر چادر چڑھانے والوں میں بڑے بڑے سیاستدان بھی شامل ہیں۔ وزیر اعظم نریندر مودی کی جانب سے مرکزی اقلیتی امور کے وزیر کرن رجیجو اور بی جے پی اقلیتی مورچہ کے قومی صدر جمال صدیقی آج درگاہ پر چادر چڑھائیں گے اور ملک میں امن، بھائی چارہ اور خوشحالی کے لیے دعا کریں گے۔ اس کے بعد رجیجو وزیر اعظم مودی کا ایک پیغام بھی پڑھ کر سنائیں گے۔
قابل ذکر ہے کہ جمعرات کی شام پی ایم مودی نے مرکزی وزیر رجیجو کو یہ چادر سونپ دی ہے۔ مرکزی اقلیتی امور کے وزیر کرن رجیجو ہفتہ کو پی ایم مودی کی چادر لے کر ہوائی جہاز سے اجمیر پہنچے۔ درگاہ کمیٹی کے معاون ناظم عادل نے بتایا کہ مرکزی وزیر کرن رجیجو آج صبح پی ایم مودی کی چادر خواجہ غریب نواز کی درگاہ چڑھائیں گے۔
درگاہ سے متعلق ایپ اور پورٹل کا افتتاح
درگاہ پر حاضری کے موقعے پر مرکزی وزیر رجیجو درگاہ احاطے میں ایک ویب پورٹل اور ایپ بھی لانچ کریں گے، جس میں عقیدت مندوں کو خواجہ غریب نواز کی زندگی اور تعلیمات کے بارے میں جانکاریاں حاصل ہوں گی۔ اس کے ساتھ ہی عقیدت مند پورٹل پر براہ راست زیارت بھی کر سکیں گے۔ اس کے علاوہ عرس کی تقریب سے متعلق ایک آپریشن مینوئل بھی جاری کیا جائے گا جس میں عرس کی روایات اور تاریخ کی تفصیلات ہوں گی۔ درگاہ کمیٹی کے معاون ناظم عادل نے بتایا کہ درگاہ کے ویب پورٹل پر عقیدت مندوں کو خواجہ غریب نواز کی حیات و خدمات اور ان کی تعلیمات کے ساتھ ساتھ درگاہ کمیٹی کی جانب سے فراہم کی جانے والی سہولیات کے بارے میں بھی معلومات حاصل ہوں گی۔ اس کے علاوہ، پورٹل کے ذریعے، عقیدت مند دنیا میں کہیں سے بھی درگاہ کی براہ راست زیارت کر سکیں گے۔
انجمن کمیٹی کا اعتراض
تاہم انجمن کمیٹی کے سکریٹری سید سرور چشتی نے درگاہ کمیٹی کی جانب سے بنائے گئے ویب پورٹل اور ایپ پر اپنا اعتراض ظاہر کیا ہے۔ انہوں نے مرکزی وزیر رجیجو کو خط لکھ کر اس پر اپنا اعتراض درج کرایا ہے۔ آج دورے کے موقعے پر انجمن کمیٹی کے عہدیدار اس سلسلے میں وزیر رجیجو سے ملاقات کر کے بھی اپنا اعتراض ظاہر کر سکتے ہیں۔










