امت نیوز ڈیسک //
نئی دہلی: بی جے پی 26 سال سے زیادہ عرصے کے بعد دہلی میں حکومت بنانے والی ہے، تازہ ترین اعداد و شمار کے مطابق زعفرانی پارٹی نے 70 اسمبلی سیٹوں میں سے 48پر جیت درج کی ہے۔ عام آدمی پارٹی نے صرف 22سیٹیں جیتنے میں کامیاب ہوئی جبکہ کانگریس نے اپنا کھاتہ نہیں کھولا۔ اسی طرح دہلی اسمبلی انتخابات 2020 میں 5 مسلم امیدواروں نے جیت درج کی تھی تاہم اس بار 4 مسلم امیدواروں نے کامیابی حاصل کی۔ ان تمام کا تعلق عام آدمی پارٹی سے ہے۔
تفصیلات کے مطابق حلقہ سیلمپور سے عام آدمی پارٹی امیدوار چودھری زبیر احمد نے 79 ہزار سے زیادہ ووٹ حاصل کرکے شاندار کامیابی حاصل کی۔ انہوں نے بی جے پی امیدوار انیل کمار شرما کو 42 ہزار 477 ووٹوں سے ہرایا۔ اسی طرح بلی مارن حلقہ سے عام آدمی پارٹی کے امیدوار عمران حسین نے بی جے پی امیدوار جے بھگوان اپکار کو ہرایا۔ انہوں نے اس حلقہ سے 31 ہزار 475 ووٹوں کے فرق سے بڑی کامیابی حاصل کی۔
وہیں عام آدمی پارٹی کے ایک اور امیدوار آل محمد اقبال نے مٹیا محل سے شاندار جیت درج کی۔ انہوں نے بی جے پی امیدوار دپتی اندورا کو 42 ہزار 724 ووٹوں کے فرقہ سے ہرادیا۔ عام آدمی پارٹی کے ایک اور لیڈر امان اللہ خان نے اوکھلا حلقہ سے تیسری بار کامیابی حاصل کی۔ انہوں نے بی جے پی امیدوار منیش چودھری کو 23 ہزار 639 ووٹوں کے بڑے فرقہ سے ہرادیا











