امت نیوز ڈیسک //
اننت ناگ: اننت ناگ کو کشتواڑ نیشنل ہائی وے سے جوڑنے والی سنتھن ٹاپ سڑک رات بھر کی برف باری کے بعد دو دنوں کے لیے گاڑیوں کی آمدورفت کے لیے بند رہے گی۔
ایک سرکاری عہدیدار نے بتایا کہ سنتھن پاس پر رات بھر ہونے والی برف باری اور محکمہ موسمیات کی جانب سے درجہ حرارت کے منفی ہونے کی پیش گوئی کے سبب اننت ناگ-سنتھن-کشتواڑ ہائی وےپر آج اور کل کے لیے گاڑیوں کی آمدورفت معطل کر دی گئی ہے۔ وہیں، انہوں نے کہا کہ مناسب موسمی حالات کے تحت ٹریفک کی نقل و حرکت اس کے مطابق دوبارہ شروع ہو جائے گی۔
وادی کشمیر میں گزشتہ شام کو پہاڑی علاقوں میں برف باری اور میدانی علاقوں میں بارشوں کا سلسلہ شروع ہوا، وہیں وادی کے متعدد علاقوں سے یہ بھی خبریں سامنے آئی ہیں کہ کئی ایک مقامات پر بارشوں کے ساتھ ساتھ شدید ژالہ باری ہوئی ہے٬ جس نے کھڑی فصلوں کو کافی نقصان پہنچایا ہے۔ گزشتہ رات کی برفباری سے جہاں عام زندگی متاثر ہوئی ہے٬ وہیں درجہ حرارت میں بھی نمایاں کمی واقع ہوئی ہے۔ اطلاعات کے مطابق وادی کشمیر میں جمعہ کی شام پہاڑی علاقوں میں تازہ برفباری سے میدانی علاقوں میں سردی کی شدت میں کافی اضافہ ہوا ہے۔ ادھر سنتھن شاہراہ پر موسم میں بہتری آنے کے بعد برف ہٹانے کا کام کیا جائے گا۔
واضح رہے کہ محکمہ موسمیات نے پہلے ہی وادی کے پہاڑی علاقوں میں برفباری جبکہ میدانی علاقوں میں بارشوں کی پیش گوئی کی تھی۔










