دہلی ہائی کورٹ نے جمعرات کے روز کشمیری علیحدگی پسند رہنما شبیر احمد شاہ کی ضمانت کی عرضی مسترد کر دی، جو ملی ٹینسی کی مالی معاونت سے متعلق ایک مقدمے میں دائر کی گئی تھی۔
جسٹس نوین چاولہ اور جسٹس شلندر کور پر مشتمل بنچ نے شبیر شاہ کی اس اپیل کو خارج کر دیا جس میں انہوں نے 7 جولائی 2023 کے ذیلی عدالت کے اس حکم کو چیلنج کیا تھا جس میں انہیں ضمانت دینے سے انکار کیا گیا تھا۔ بنچ نے مختصر فیصلہ سناتے ہوئے کہا کہ یہ اپیل مسترد کی جاتی ہے۔ تفصیلی فیصلہ بعد میں جاری کیا جائے گا۔ ہائی کورٹ نے اگست 2023 میں شبیر احمد شاہ کی اپیل پر قومی تحقیقاتی ایجنسی (این آئی اے) سے جواب طلب کیا تھا۔
این آئی اے نے 2017 میں 12 افراد کے خلاف پتھراؤ، سرکاری املاک کو نقصان پہنچانے، اور حکومتِ ہند کے خلاف جنگ چھیڑنے کی سازش رچنے کے لیے فنڈ اکٹھا کرنے اور فراہم کرنے کے الزام میں مقدمہ درج کیا تھا۔
شبیر شاہ کو اس معاملے میں 4 جون 2019 کو گرفتار کیا گیا تھا۔
مارچ 2022 میں، ذیلی عدالت نے ان کے خلاف مبینہ طور پر ہندوستانی حکومت کے خلاف جنگ چھیڑنے اور خلل ڈالنے کے مقصد سے مالی امداد جمع کرنے کی سازش رچنے کے الزامات عائد کیے تھے









